ناقص کوکنگ آئل بنانے والی دو معروف کمپنیوں کے پروڈکشن یونٹس پر چھاپے

ایک کمپنی کو 10لاکھ روپے جرمانہ‘ پروڈکشن ایک ہفتے کے لئے بند‘ سنگین خلاف ورزی پر دوسری کمپنی سیل ناقص کوکنگ آئل سٹور کرنے والے گودام پر چھاپہ‘ 3150لیٹر مضرصحت تیل برآمد‘ گودام سیل فوڈ اتھارٹی ٹیموں کا ناقص صفائی اور غیرمعیاری خوراک بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون تیز‘ متعدد کو جرمانے

منگل 29 نومبر 2016 22:31

ناقص کوکنگ آئل بنانے والی دو معروف کمپنیوں کے پروڈکشن یونٹس پر چھاپے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص اور غیرمعیاری اشیاء بنانے والوں کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں معروف کوکنگ آئل بنانے والی کمپنی کے پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا اور زنگ آلود اور نان گریڈڈ فوڈ مشینری‘ صفائی کے ناقص انتظامات اور سٹوریج کی جگہ پر مکڑی کے جالوں کی موجودگی پر پروڈکشن یونٹ کو 10لاکھ روپے جرمانہ اور بہتری کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے لئے پروڈکشن بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

گوجرانوالہ میں ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر نے معروف گھی اور کوکنگ آئل بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور حلال سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی ‘ بارہویں پاس جعلی ماہرغذائیت اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر فیکٹری کو سیل کر دیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کی ٹیم نے غیرمعیاری اورمضرصحت کوکنگ آئل فروخت کرنے والے گودام پر چھاپہ مارا اور 3150لیٹر مضر صحت تیل قبضے میں لے کر گودام کو سیل کر دیا۔

راولپنڈی کی ٹیم نے رائلٹن ہوٹل کو ناقص صفائی پر 80ہزار روپے جرمانہ کیا۔ شالامارٹائون لاہور کی ٹیم نے رفیق سویٹس پروڈکشن کوناقص صفائی پر 10ہزار روپے جرمانہ جبکہ صابر بیکری اور جاوید بیکری کو ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر سربمہر کر دیا۔ گلبرگ ٹائون کی ٹیم نے فیصل ٹائون میں شاہد ریسٹورنٹ کو ناقص اشیائے خوردونوش فروخت کرنے پر 5ہزار جبکہ راوی ٹائون کی ٹیم نے اللہ ھو سویٹس اینڈ بیکرز کو ناقص صفائی پر 7ہزار روپے جرمانہ کیا۔

فیصل آباد کی ٹیم نے جھنگ روڈ پر بھولاپان شاپ‘ مدنی ہوٹل‘ احسن کریانہ سٹور‘ جھولے لال ہوٹل‘ چوک گھنٹہ گھر میں الکوثر آئس کریم‘ جڑانوالہ روڈ پر میاں فوڈ پوائنٹ‘ اعظم حلیم‘ اقبال مرغ چنے جبکہ فیکٹری ایریا میں امیرملت سویٹ ہائوس کو صفائی بہتربنانے اور احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سربمہر کرنے کی وارننگ دی۔

متعلقہ عنوان :