انسٹیٹیوٹ آف پیرا میڈیکل سائنسز میں عنقریب ایم ایس پروگرام کاآغاز کیاجائے گا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ

منگل 13 دسمبر 2016 21:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف پیرا میڈیکل سائنسز (آئی پی ایم ایس) میں چارسالہ بی ایس پیرامیڈیکس پروگرام کی کامیابی کے بعد عنقریب ایم ایس پروگرام کاآغاز بھی کیاجائے گا۔ وہ آئی پی ایم ایس میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت انسٹی ٹیوٹ کے ہونہار طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

ا س موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسرڈاکٹرمحمد سلیم اورڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسرڈاکٹرمحمد الیاس سعیدی کے علاوہ انسٹیٹیوٹ کے کوآرڈینیٹر محمد جسیم خان اورفیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر حفیظ اللہ نے کہاکہ آئی پی ایم ایس کی دوران پورمنتقلی کے بعد ایک نئے سفر کا آغاز ہواہے۔ یہاں تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے لئے سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس سے طلباء وطالبات کوزیادہ جامع انداز میں اپنی صلاحیتوں کو پروان پڑھانے کے مواقع دستیاب ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ آئی پی ایم ایس میں جلد ہی آٹھ سے دس نئے اساتذہ کی تقرری کے علاوہ نئے ڈائریکٹر کاتقرر عمل میں لایا جائے گاجس سے ادارے کی تعلیمی مسائل کے ساتھ ساتھ انتظامی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل ہونگے۔ پروفیسر حفیظ اللہ نے کہاکہ حال ہی میں یہاں دونئے پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران کی تعیناتی سے آئی پی ایم ایس کاشمار معیاری تعلیمی اداروںمیں ہونے لگاہے۔

انہوں نے کہاکہ کمپیوٹر لیب طلباء وطالبات کی تحقیقی اورعلمی صلاحیتوں کے اضافے میں کلیدی کردار کے حامل ہیں۔انہوںنے وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تعریف کرتے ہوئے توقع ظاہرکی کہ طلباء وطالبات ان لیپ ٹاپس کو تعلیمی اورتحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بروئے کار لائیں گے۔ پروفیسر حفیظ اللہ نے طلباء وطالبات پرسخت محنت اوراخلاص کے ساتھ مریضوں کے دکھ درد بانٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طلباء وطالبات پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ طبی اخلاقیات پر بھی خصوصی توجہ دیں گے۔آخر میں انہوں نے آئی پی ایم ایس کے 140طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے۔

متعلقہ عنوان :