ٹیوٹا کا 4 ہزار سے زائد بے روز گار نوجوانوں کو جدید انڈسٹریل سٹچنگ مشین آپریٹر کورسز کروانے کا اعلان

منگل 20 دسمبر 2016 13:54

فیصل آباد۔20 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء)ٹیوٹا نے فیصل آباد ، جھنگ ، راولپنڈی، ڈی جی خا ن ، لاہور کے 4ہزار سے زائد بے روز گار نوجوانوں کو جدید انڈسٹریل سٹچنگ مشین آپریٹر کورسز کروانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ صنعتی شعبہ کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظر سال 2017ء میں مذکورہ اہل افراد کو 6ماہ کے دورانیہ پر مشتمل جدید فری شارٹ کورسز کروائے جائیں گے تاکہ جہاں غربت و بے روز گاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے وہیں صنعتوں کو ماہر و ہنر مند افرادی قوت بھی دستیاب ہو سکے۔

(جاری ہے)

ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ کورس کرنے والے افراد کو فوری ملازمتوں کی فراہمی بھی ممکن بنائی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ گارمنٹس انڈسٹری کی جانب سے یہ ڈیمانڈ کی گئی تھی کہ انہیں انڈسٹریل سٹچنگ مشین آپریٹر ز کی اشد ضرورت ہے لیکن انہیں ماہر افرادی قوت دستیاب نہیں لہٰذا انہیں اس شعبہ کی ماہر و ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے بتایاکہ گارمنٹس اینڈ ٹیکسٹائل انڈسٹریل سیکٹر کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کورس کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کے انتہائی مفید نتائج حاصل ہو ں گے۔