حکومت نے محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ، بد عنوانی کے الزامات میں دو پی سی ایس افسران کو معطل کر دیا

پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ،مقبول احمد ڈائولہ کا نام سینئر مینجمنٹ کورس سے بھی واپس لے لیا گیا

منگل 20 دسمبر 2016 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) پنجاب حکومت نے محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور بد عنوانی کے الزامات میں دو پی سی ایس افسران کو معطل کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی ،مقبول احمد ڈائولہ کا نام سینئر مینجمنٹ کورس سے بھی واپس لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن نے مس کنڈکٹ اور بد عنوانی کے الزامات پر پی ایس افسران رائو ندیم اختر اور مقبول احمد ڈائولہ کو دو روز قبل گرفتار کیا تھا جس پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن نے دونوں افسران کو معطل کر کے انہیں نوکری سے برخاست کرنے کیلئے پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن میں دونوں افسران کیخلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی جاری ہے ۔

مقبول احمد ڈائولہ گریڈ 19کے پی سی ایس افسر ہیں اور وہ ڈی سی او جھنگ بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں جبکہ گریڈ 18کے پی سی ایس افسر رائو ندیم اختر کئی تحصیلوںمیں اسسٹنٹ کمشنر کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔حکومت نے مقبول احمد ڈائولہ کی جگہ گریڈ 18کے ڈی ایم جی افسر ذیشان جاوید کو ڈائریکٹر آپریشنز لینڈ ریکارڈ انفارمیشن کا چارج دیدیا ہے جبکہ رائو ندیم اختر کی جگہ بھی جلد تعیناتی کر دی جائے گی۔