ْمتروکہ وقف املاک بورڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کیلئے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس

منگل دسمبر 14:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کیلئے دائر درخواست پر وفاق اسٹیبلشمنٹ،وزارت مذہبی امور ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بور ڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 98 کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزاروں کی جانب سے حافظ طارق نسیم ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ بورڈ نے ملازمین کی مستقلی کے لئے معاملہ اسٹیبلشمنٹ کمیٹی کوبھجوایا جہاں کیبنٹ ڈویژن نے مستقل نہ کرنے والے ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک قراردیا ،کیبنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد 310ملازمین کو مستقل ،دیگرکو نظر انداز کردیا گیا ۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ میں کام کررہے ہیں کیبنٹ ڈویژن کی منظوری کے باوجود ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت ملازمین کو مستقل کرنے اور بقایا جات ادا کرنے کا حکم دے۔ جس پر فاضل عدالت نے وفاق ،اسٹیبلشمنٹ،وزارت مذہبی امور ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بور ڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

Your Thoughts and Comments