وزیر داخلہ دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے قوم کو حقائق اور اپنے اوپر ثابت ہونیوالی نااہلی کا جواب دیں‘ پیپلز پارٹی

پیپلزپارٹی کی تاریخ سپریم کورٹ پر حملے کی نہیں ،پاناما کیس کو منطقی انجام تک لے کر جائیں گے ‘ مصطفی نواز کھوکھر کا ردعمل

منگل 20 دسمبر 2016 15:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) پیپلز پارٹی پنجاب نے کہاہے کہ وزیر داخلہ دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے قوم کو حقائق اور اپنے اوپر ثابت ہونے والی نااہلی کا جواب دیں، پیپلزپارٹی کی تاریخ سپریم کورٹ پر حملے کی نہیں ،پاناما کیس کو منطقی انجام تک لے کر جائیں گے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن مصطفی نواز کھوکھر نے چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کمیشن، قاضی فائز عیسی کی رپورٹ جس نے وزیر داخلہ اور ان کے ذیلی اداروں کی نااہلی ثابت کی ہے۔

وہ اس کے جواب میں پیپلزپارٹی پر حملہ کر رہے ہیں۔پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عدالتوں کا احترام کیا ہے انہوں نے ہمیشہ عدالتوں کی توہین کی ہے، سپریم کورٹ پر حملے کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کی تاریخ سپریم کورٹ پر حملے کی نہیں بلکہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں مقدمات کا سامنا کیا ہے اور پاناما کیس کو پیپلزپارٹی منطقی انجام تک لے کر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ان پر جرم ثابت ہوتا ہے یہ اس پر بات کرنے کے بجائے دوسروں پر الزامات لگانے شروع کر دیتے ہیں۔کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر سٹ پٹائے ہوئے ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان پر استعفیٰ کا شدید دبا ہے اور وہ اپنی ہزیمت کا بدلہ لینے کے لیے پیپلزپارٹی پر الزامات لگانے لگے ہیں۔