سٹاک مارکیٹ انڈیکس47ہزار کی حد کو عبور کرناسرمایہ کاروںکا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے ‘خادم حسین

مناسب و سازگار ماحول سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے حکومتی معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت مستحکم ہورہی ہے

منگل 20 دسمبر 2016 15:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر خادم حسین نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مناسب و سازگار ماحول کی فراہمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے ،سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری زور پکڑ گئی ہے اورپاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہر روز نئی تاریخ رقم ہورہی ہے اور اب ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نی47ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرلی ہے پاکستان سٹاک ایکسچینج نے تیزی میں ماضی کے تمام ریکارڈ توڑدیئے اور 11ماہ کے دوران100انڈیکس میں43فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے مناسب و ساز گار ماحول سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں و صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت مستحکم ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر باقاعدہ تجارتی سرگرمیوں کا آغا ز ہوگیا ہے چین سے آنے والے کنیٹنرز کو حکومتی سیکیورٹی میں گوادر بندرگاہ تک پہنچایا جارہا ہے جس سے پاکستان کو راہداری کی مد میں اربوں روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ گوادر بندرگاہ فنکنشنل ہونے سے وسطی ایشیائی ریاستیں بھی اس بندر گاہ کو استعمال کرینگی نیز تیز ترین ذرائع آمدورفت کے استعمال سے پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک ترسیل سے پاکستانی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا جس سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔