روسی سفیر کے قتل کے واقعے سے دونوںممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہو نگے،ترکی

منگل 20 دسمبر 2016 15:59

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 دسمبر2016ء) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ترکی اور روس کے تعلقات کے فروغ کے دور میں روسی سفیر انڈرے کارلوف کی ہلاکت اتفاق نہیں ہے ، واقعے سے ترکی اور روس کے تعلقات متاثر نہیں ہو نگے،روسی سفیر پر سفاکانہ حملے کے ذمہ داران اور ان کے پس پشت شر پسند عناصر کو منظر عام پر لانے اور انھیں عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لیے ہم ہر ممکنہ کوششیں صرف کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انقرہ میں روسی سفیر کے قتل کے بعدترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے روس کے وزیر اعظم ڈیمٹری مید ویدیف کیساتھ ٹیلیفون پر بات کی اور حکومت ترکی اور ترک عوام کیطرف سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ہم آپ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔ اس سفاکانہ حملے کے ذمہ داران اور ان کے پس پشت شر پسند عناصر کو منظر عام پر لانے اور انھیں عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لیے ہم ہر ممکنہ کوششیں صرف کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ بات چیت کے دوران اس بات پر اتفاق ظاہر کیا گیا کہ اس واقعے سے ترکی اور روس کے تعلقات متاثر نہیں ہو نگے ۔ انھوں نے جرمنی میں ایک ٹریلر پر حملے کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ عالمی مسئلے کی حیثیت حاصل کر جانے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل جل کر کوششیں صرف کرنے کی ضرورت ہے ۔یورپ ،ایشیا ،مشرق وسطی یا روس کوئی بھی یہ نہیں کہ سکتا کہ ہم دہشت گردی سے محفوظ ہیں ۔ اسوقت ہمیں دہشت گردی کے سد باب کے لیے مشترکہ موقف اپناتے ہوئے جدوجہد کرنے اور علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :