شہبازشریف کی کھل کر باتیں، گوادر کے طلبا و طالبات کاشعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کو سلیوٹ

بدھ 21 دسمبر 2016 20:12

لاہور۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ماڈل ٹاؤن میں بلوچستان کے شہر گوادر سے پنجاب کے دورے پر آئے ہوئے 78رکنی طلبا و طالبات اوران کے اساتذہ کے وفد سے کھل کرباتیں کیں اورطلباء و طالبات نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے خیالات کو سراہا اورصوبہ پنجاب میں شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے شاندار اقدامات پرانہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

گوادر کے طلبا ء و طالبات نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو تعلیم کے میدان میں نمایاں ترقی پر سلیوٹ کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ تعلیم کے میدان میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیںاورآپ ایک عظیم شخصیت ہیں۔ پنجاب میں جس طرح ہماری مہمان نوازی کی گئی ہے وہ ناقابل فراموش ہے جس پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔

(جاری ہے)

طالب علم جمال سعید نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی مہمان نوازی اورپنجاب میں ملنے والی محبت پرشکریہ ادا کرتے ہوئے اشعار پڑھے جس پر وزیراعلیٰ نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ آج بیت بازی کرلیتے ہیں جس پر تمام طلباء و طالبات مسکرادیئے۔

طالبعلم جمال نے کہا کہ آپ نے ہمیں یہاں بے پناہ محبت اورخلوص دیا ہے اورآپ نے ہمارا سب کچھ لے لیا ہے ہم آپ کی محبت نے ہمیں گرویدہ کرلیا ہے اور ہم آپ کے ہوگئے ہیں۔آپ نے بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے جو اقدامات کیے ہیں وہ ناقابل فراموش ہے ۔ہمیں آپ پر بے پناہ یقین ہے کہ آپ بلوچستان اورگوادر کے طلبا و طالبات کیلئے مزید اقدامات کریںگے۔

پنجاب کی ترقی اورتعلیمی اداروں میں سہولتیں دیکھ کر ہمیں بہت خوشی ہوئی ہے کاش ہمارے تعلیمی اداروں میں بھی ایسی سہولتیں ہوں۔طالبعلم صلاح الدین نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی تعلیمی شعبہ میں غیر معمولی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک مضمون پڑھا۔ طالبہ حلیمہ نے کہا کہ اگرچہ گوادر اور لاہور میں بہت فاصلہ ہے لیکن آپ نے ان فاصلوں کو محبتوں کے ذریعے کم کردیا ہے ۔

طالبہ یاسمین عبداللہ نے کہا کہ گوادر میں سی پیک تو ہے لیکن حقیقی معنوں میں ترقی آپ کی قیادت میں پنجاب میں ہورہی ہے ۔ جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کے باعث پاکستان کی خیرو برکت کا بہت بڑا سامان پیدا کیاگیا ہے لیکن اس کے ساتھ تعلیم ،صحت،پانی اوردیگر بنیادی سہولتوں پر بھی آپ کا بنیادی حق ہے ۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ اس وقت بنایاگیا جب سی پیک نہیں تھا ۔

پنجاب بھر میں میڈیکل کالجز،یونیورسٹیاں اورہسپتال اس وقت بنے جب سی پیک نہیں تھا۔سی پیک سے گوادر میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگااوربنیادی ضروریات سمیت پینے کا صاف پانی بھی آپ کو ملے گا۔گوادر میں ایئرپورٹ بھی تعمیر کیاجارہا ہے اوراس کیلئے چین نے گرانٹ دی ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اچھا کام کررہے ہیں اورمجھے پورا یقین ہے کہ وہ تعلیم کے شعبے کومزید فروغ دیں گے۔

طالبعلم عمران قادر نے کہا کہ گوادر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میںاساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے پنجاب سے ٹیکنالوجی کے اساتذہ بھجوائے جائیں پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم سے بات کر کے تین نئی بلکہ پانچ اساتذہ یہاں بھجوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ذہین طلبا و طالبات کی باتیں سن کراندازہ ہوا ہے کہ بلوچستان میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے۔

گوادر کے کالج سے تعلق رکھنے والی لیکچرارزرگل اورطالبعلم نبیل احمد نے بھی وزیراعلیٰ شہبازشریف کے تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں جس طرح گوادر کے بچوں اوربچیوں کا استقبال کیاگیا ہے اور انہیں جو محبت ملی ہے وہ ہم کبھی بھلا نہیں سکتے۔بلاشبہ شہبازشریف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں ۔