پیف سکالرز کے اعزاز میں 25 دسمبر کو ایوانِ اقبال میں تقریب منعقد ہو گی ، وزیراعلیٰ پنجاب مہمان خصوصی ہونگے

پیف کے انقلابی اقدام نے غریب و نادار باصلاحیت طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات کا بیڑہ اٹھانے کیلئے بے مثال کام کیا ہے‘ عبداللہ سنبل

بدھ 21 دسمبر 2016 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (پیف) کے انقلابی اقدام نے غریب و نادار باصلاحیت طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات کا بیڑہ اٹھانے کے لیے بے مثال کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیف کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی ای او پیف، اسسٹنٹ کمشنر جنرل، ایس پی سیکورٹی، ڈائریکٹر نیوز محکمہ تعلقات عامہ پنجاب، ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ڈائریکٹر کالجز لاہور، ای ڈی او اسکولز لاہور و دیگر افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیف سکالرز کے اعزاز میں 25 دسمبر کو ایوانِ اقبال میں ہونے والی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے جس میں یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں میں زیر تعلیم پیف سکالرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیف سکالرشپس کے لیے میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کی بنیاد پر طلبا و طالبات کے خوابوں کی تکمیل کے لیے اس وقت 16 ارب روپے کے فنڈ کے ساتھ کام کر رہا ہے جو کہ 17 ارب روپے تک امسال پہنچ جائے گا۔