پائیلٹ پراجیکٹ کے طور پر تھانہ ڈیفنس اے اور کاہنہ کو مثالی تھانے بنائے جائیں گے ‘سی سی پی او لاہور

ایف آئی آر کے اندراج ، ملزمان کی گرفتاری، تفتیش اور پراسیکیوشن تک کے تمام امور کی ذاتی طور پر نگرانی کروںگا،ایس پی سے کانسٹیبل تک کے ’’کے پی آئیز‘‘تیار کیے جائیں گے ، بعد ازاں اس پراجیکٹ کو پورے لاہو رمیں نافذ کیا جائیگا‘کیپٹن (ر)محمد امین وینس کاا من و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر تھانہ ڈیفنس اے اور تھانہ کاہنہ کو مثالی تھانے بنائے جائے گے، ایس پی سے کانسٹیبل تک ملازمین کے ’’کے پی آئی ‘‘ تیار کیے جائیں گے، ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر ملزمان کی گرفتاری کرنے ، تفتیش اور پراسیکیوشن تک تمام امور کی خود ذاتی طور مانیٹرنگ کروں گا۔

انہوں نے کہا بعد ازاں اس سسٹم کو پورے لاہور کے تھانوں میں نافذ کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ذکیہ شاہ نواز کے علاوہ ممبر قومی اسمبلی کرن ڈار، ممبران صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ ، میاں مرغوب، ماجد ظہور، چوہدری اخترعلی ، رانا تجمل حسین، ملک وحید، رمضان بھٹی، ڈاکٹر فرزانہ نذیر، شمیم اختر،نسرین نواز، ارم حسین باجوہ، سلمہ بٹ،نسیم لودھی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری، سی ٹی او سید احمد مبین ، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس ایس پی ڈی اینڈ آئی عمران یعقوب کے علاوہ ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سی سی پی او نے کہا کہ ان دونوں تھانوں کے علاقوں کے اشتہاریوں، سنگین جرائم میں ملوث ملزمان ، آرگنائزڈ کرائم اور قبضہ گروپوں کے حوالے سے فہرستیں مرتب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ تفتیش اور پٹرولنگ کے حوالے سے میکانزم مرتب کیا جائیگا۔انہوں نے کہا پنچائیت کے ذریعے لوگوں کی پرانی دشمنیوں کو ختم کر کے ان میں صلح کرائی جائے گی جس سے جرائم میں کافی حد تک کمی آئے گی۔

انہوں نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو بتایا کہ لاہو رپولیس نے دن رات محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملت پارک واردات، سٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا اور چنبہ ہائوس میں سمیعہ قتل کیس کو ٹریس کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گارڈن ٹائون ڈکیتی کے ملزمان کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے اور انہیں بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

سی سی پی اونے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت 10 سٹیٹ آف دی آرٹ کیمرے لگائے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف جرائم میں کمی واقع ہوگی بلکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ اگلے 6 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ لاہو رپولیس چیف کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی ڈویژن میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ اجلاس کریں اور انکی تجاویز و آراء کی روشنی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں ۔

اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے شہر کے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جرائم کے خاتمے کے لئے تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کی سطح پر ملازمین کے ریفریشر کورسز کروائے جائیں ۔ سی سی پی او نے بتایا کہ ملازمین کی تربیت کے لئے شیڈول تیار کیا گیا ہے اور جلد ہی اس پر عمل درآمد شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :