کرسمس کے موقع پر ڈی جی ریسکیوپنجاب کی مسیحی برادری اور ریسکیورز سے اظہارِ یکجہتی

تمام مذاہب محبت اور امن کا درس دیتے ہیں ‘ ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:05

لاہور۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس(ریسکیو 1122 ) ڈاکٹر رضوان نصیر نے کرسمس کے موقع پر مسیحی ریسکیورز اور دیگر مسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریسکیو 1122ہیڈ کوارٹرز میں کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں پنجاب ایمرجنسی سروس کے تمام اضلاع کے ریسکیورزاور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ریسکیورز نے شرکت کی۔

اس موقع پرمشہور اردو شاعر سعد اللہ شاہ،الماس شبی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی فہیم احمد قریشی، ڈی ڈی آر اینڈ ایم انجینئر عرفان نصیر ، سابق ایڈجوٹینٹ اکیڈمی کیپٹن (ر)لعل، پاسٹر سلیم کھوکھر ،ہیڈ آف کمیونٹی مس دیبا شہناز اور 50سے زائد مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے ریسکیورز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام مسیح ریسکیورز ، پاکستان اور دنیا بھر کے مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ہم نے عہد کرنا ہے کہ ہم تمام کرسچین اور مسلمان مل کر ہر قسم کے خطرے بشمول سانحات کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب نے ہمیشہ محبت اور امن کا درس دیا ہے اور انسانیت کی خدمت پر زور دیا ہے جو کہ پنجاب ایمرجنسی سروس کا بنیادی مقصد ہے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ہم نے محبت اور امن کو پھیلانا اور نفرت اور مصائب کا سامنا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام مسلمان قرآ ن پاک اور اپنے پیارے نبی-ؐ پر ایمان رکھتے ہوئے اسے اپنے ایمان کا حصہ تصور کرتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے پیغمبر اور بائبل اللہ کی طرف سے نازل ہونے والی کتاب ہے۔ اس موقع پر سعد اللہ شاہ نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ کرسچین کمیونٹی آگے بڑھے اور مسلمانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر دنیاکے ہر چیلنج کا مقابلہ کرے جن میں شدت پسندی ، دہشت گردی جیسے عناصر شامل ہیں۔ آخر میں ڈی جی ریسکیو پنجاب نے مسیح ریسکیورز میں نقد انعامات تقسیم کیے۔ کیپٹن لعل اور دیگرشرکاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔