صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند اور سردی کا راج برقرار

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند

ہفتہ 24 دسمبر 2016 17:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 دسمبر2016ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند اور سردی کا راج برقرار رہنے سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل اور موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہی۔ فلائٹ آپریشن کی معطلی کی وجہ سے یہاں ہزاروں مسافروں کو ائرپورٹ کے روانگی لاونج میں فلائٹ آپریشن کی بحالی کا گھنٹوں انتظار کرنا پڑا وہاں ائرپورٹ کی پارکنگ پر گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ ختم ہو کر رہ گئی۔

موٹروے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ سردی میں شدت کی وجہ سے شہری گھروں اور دفاتر میں محصور ہو کر رہ گئے۔ جمعہ کی رات گیارہ بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ سمیت شہر بھر میں دھند کی شدت کے باعث حد نگاہ صفر ہو کر رہ گئی جس سے 50 ملکی اور غیرملکی پروازیں معطل اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

(جاری ہے)

یہ صورتحال ہفتہ کی صبح 11 بجے تک برقرار رہی جس پر حد نگاہ 2000 میٹر رہنے کے باعث فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا گیا جبکہ موٹروے پر کاروان کی شکل میں صرف چھوٹی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔

اس سلسلے میں موٹروے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کو قافلوں کی شکل میں بھیجا جائے گا جبکہ موٹروے دوبارہ بند ہونے کی صورت میں شہریوں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنا ہوگی۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :