وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘پر عملدرآمد کے حوالے سے امورپر غورکیاگیا

پرائمری سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے قوم کے مستقبل کو بہتر تعلیمی سہولتیں ملیں گی ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘فروغ تعلیم کیلئے ایک شاندار اقدام ہے،قومی ذمہ داری سمجھ کر اسے آگے بڑھانا ہے ماضی کی حکومتوں نے فروغ تعلیم کیلئے صرف زبانی جمع خرچ جبکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں:شہبازشریف

ہفتہ 24 دسمبر 2016 19:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘پر عملدرآمد کے حوالے سے امورپر غورکیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘فروغ تعلیم کے لئے ایک شاندار اقدام ہے ۔

تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے اورپرائمری سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے قوم کے مستقبل کو بہتر تعلیمی سہولتیں ملیں گی۔انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کوقومی ذمہ داری سمجھ کر آگے بڑھانا ہے ۔ماضی کی حکومتوں نے فروغ تعلیم کیلئے صرف زبانی جمع خرچ کیاجبکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اوراس شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کرنیوالی کمپنیوں کو اعلی معیار اوررفتار کیساتھ اس پروگرام پر عملدر آمد کرنا ہے ۔قوم کے مستقبل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کے پروگرام کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی تعلیم کیساتھ جڑی ہوئی ہے ۔مجھے یقین ہے کہ اس منصوبے کو معیار اور رفتارکیساتھ مکمل کیا جائیگا۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہوداحمد ،چیف سیکرٹری،سیکرٹری تعمیرومواصلات، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اورپروگرام پر کام کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوںنے اجلاس میںشرکت کی۔