تھانہ صاد ق آباد پولیس نے قیمتی عروسی ملبوسات کی چوری میں ملوث 04رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:50

راولپنڈی۔24 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2016ء) تھانہ صاد ق آباد پولیس نے ایک کروڑ روپے کے عروسی ملبوسات کی چوری میں ملوث 04رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔ایس پی راول ڈویژن ملک محمد اقبال نے گذشتہ روز ایس ایچ او صادق آباد یاسر ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ چار رکنی ڈکیت گینگ نے صادق آباد میں راجپوت پلازہ کی سات دکانوں سے ایک کروڑٖ روپے مالیت کے عروسی ملبوسات چرائے اور منی شہ زور ٹرک کے ذریعے فرار ہو گئے تھے ۔

پولیس نے عروسی ملبوسات کی چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چوری شدہ عروسی ملبوسات ،گیس کٹر اور گاڑی بر آمد کر لی ۔ایس پی ملک اقبال نے بتایاکہ ملزمان گذشتہ شب راجپوت پلازہ میں داخل ہوئے اور چند دکانوں کے شٹر گیس کٹر کی مدد سے توڑکر عروسی ملبوسات چرا لیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ڈکیتی کی سنگین واردات کاکھوج لگانے کے لیے تھانہ صادق آباد کے ایس ایچ او کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ڈکیتی میں استعمال ہونے والی گاڑی کی رجسٹریشن کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں ٹیکسلا کے گوندل گائوں سے گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایاکہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کی شناخت دوسگے بھائیوں جاوید اقبال اور نیاز علی ،حمید حسین اور وسیم علی کے نام سے ہوئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ایس پی راول ملک اقبال نے کہاکہ ملزمان قیمتی عروسی ملبوسات کو بازار میں اونے پونے داموں میں فروخت کر دیتے تھے ۔ملزمان کے خلاف کیس کا اندراج کر لیا گیا ہے جنہیں آج اتوار کو ڈیوٹی جج کے پا س پیش کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :