وزیراعلیٰ پنجاب کا پینے کے صاف پانی کے پروگرام میں غفلت ،نااہلی اوربے ضابطگیوں کی شکایات پر سخت ایکشن

پنجاب صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم اجمل ،چیف پروکیورمنٹ آفیسر شبنم معطل، کرنل(ر)مقبول برطرف پینے صاف پانی پروگرام میں غفلت،بے ضابطگیوں اور دیگر امور کاجائزہ لینے کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل

منگل 27 دسمبر 2016 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پینے کے صاف پانی پروگرام میں غفلت ،نااہلی اوربے ضابطگیوں کی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے پنجاب صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم اجمل کو معطل کردیاہے ۔پنجاب صاف پانی کمپنی کے اعلی افسر کرنل(ر)مقبول کو ملازمت سے برطرف جبکہ چیف پروکیورمنٹ آفیسر شبنم کو بھی معطل کردیاگیا ہے۔

پینے کے صاف پانی پروگرام میں غفلت،بے ضابطگیوں اور دیگر امور کاجائزہ لینے کیلئے اعلی اختیاراتی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،سینئرافسر احد چیمہ اوردیگراعلی حکام شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی آئندہ چند روز میں اس ضمن میں تحقیقات کر کے اپنی حتمی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پرپینے کے صاف پانی پروگرام میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا معاملہ اینٹی کرپشن کے حوالے کردیاگیا ہے،جس نے اس ضمن میں تحقیقات شروع کردی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ صوبے کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کونااہلی ،کوتاہی اوربے ضابطگیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے ،جس بے دردی سے وسائل ضائع کیے گئے ہیں وہ ناقابل معافی ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ پینے کے صاف پانی پروگرام کے امور میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیاگیاہے اوراس ضمن میںذمہ داروں نے حکومت پنجاب اورصوبے کے عوام کا قیمتی وقت ضائع کیاہے ۔ انہوںنے کہا کہ جن افسروںنے غفلت،نااہلی اوربے ضابطگیوں کا مظاہرہ کیا ہے انہیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں۔انہوںنے کہاکہ میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں،جن افسروں کی وجہ سے مفاد عامہ کا یہ بڑا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے انہیں حساب دینا ہو گا۔یہ نہیں ہوسکتا کہ عام آدمی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں اس طرح کی مجرمانہ غفلت کی جائے اور ذمہ دارافسراپنے عہدوں پر بیٹھے رہیں۔