رومانیہ میں تلاشی کے دوران چاکلیٹ کے ٹرک سے 48عراقی مہاجربرآمد

غیرقانونی تارکین وطن بلغاریہ سے آرہے تھے اورہنگری جانا چاہتے تھے،ڈرائیورسے تفتیش جاری ہے،سرحدی پولیس کا بیان

اتوار 1 جنوری 2017 11:30

سکوجی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) رومانیہ کی سرحدی پولیس نے تلاشی کے دوران چاکلیٹ کے ٹرک سے 48عراقی باشندے برآمد کرلیے جو بلغاریہ سے آرہے تھے اورہنگری جانا چاہتے تھے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رومانیہ کی سرحدی پولیس نے چاکلیٹ لدے ایک ٹرک کی تلاشی لی، تو اس میں چھپے ہوئے 48 عراقی باشندے برآمد ہوئے۔ چاکلیٹ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے کام پر مامور یہ ٹرک مہاجرین کو غیرقانونی طور پر سرحد عبور کروا رہا تھا۔

رومانیہ کی سرحدی پولیس نے بتایا کہ بلغاریہ سے چاکلیٹ سے لدے ایک ٹرک کو روکا گیا، تو اس میں 48 مہاجرین چھپے ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں 22 مرد، نو خواتین اور 17 نابالغ تھے۔ حکام کے مطابق اس ٹرک کی تلاشی اس وقت لی گئی، جب پولیس اہلکاروں کے آلات نے ٹرک میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بہت زیادہ مقدار کی موجودگی کا بتایا۔

(جاری ہے)

یہ گیس انسانی سانس کی صورت میں خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ تھی اور اسی وجہ سے ٹرک کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔

رومانیہ کی سرحدی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ٹرک بلغاریہ کا ایک شہری چلا رہا تھا۔ اس ٹرک پر موجود کاغذات سے معلوم ہوا کہ یہ ٹرک بلغاریہ کی بنی ہوئی چاکلیٹ ہنگری پہنچانے کا کام کرتا ہے۔ تارکین وطن نے بھی پولیس کو بتایا کہ وہ اصل میں ہنگری پہنچنا چاہتے تھے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ڈرائیور نے کہا کہ اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ ٹرک پر تارکین وطن موجود ہیں۔ ڈرائیور اور مہاجرین سے بلغاریہ کی پولیس بھی تفتیش کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :