وزیر اعظم نوازشریف کی استنبول میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت

دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے، دنیا کو اس کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی ، پاکستان خود بھی دہشتگردی کے ہاتھوں بھاری نقصان اٹھا چکا ہے وزیر اعظم نواز شریف کی استنبول دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت

اتوار 1 جنوری 2017 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) وزیر اعظم نواز شریف نے استنبول دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔وزیراعظم نواز شریف نے ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترک حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جب کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

دہشتگردی دنیا بھر کے ساتھ پاکستان کی بھی مشترکہ دشمن ہے ، ہمیں دنیا سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہوں گی ، ہم دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں اور دہشتگردی کی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب تک دنیا سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا ہم اس کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔یادرہے کہ استنبول میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر نائٹ کلب پر مسلح شخص کا حملے میں 35 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔