صوبائی حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ممکنہ اقدامات بروئے کار لارہی ہے، ڈاکٹر امجد علی

اتوار 1 جنوری 2017 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ منتخب حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ممکنہ اقدامات بروئے کار لارہی ہے لہٰذا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں ا ب تک کروڑوں روپوں کے اخراجات سے متعدد ترقیاتی سکیمیں مکمل کی ہیں جن کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بات آج اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں توتا بانڈی یونین کونسل کے ضلعی کونسلر حمید خان کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔وفد نے ڈاکٹر امجد علی سے علاقے میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں درپیش بعض مسائل سے آگاہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے علاقہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے متعلق بتایا کہ توتابانڈی میں مختلف سکیموں پر تقریباًساڑھے 6کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں جن کے تحت 2کروڑ روپے کی لاگت سے دو سولر سسٹم ، ایک کروڑ روپے خرچ سے پینے کی صاف پانی کی پائپ لائن ، گلی کوچوں کی تعمیرمیں 2 کروڑ جبکہ ایک کروڑ 50لاکھ روپے کے خرچ سے علاقہ میں ٹیوب ویل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی نظیر گزشتہ 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی جس پر وفد نے ڈاکٹر امجد علی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے 7عدد ٹرانسفارمراور 30عدد بجلی کے پول نصب کئے گئے ہیں جبکہ آئندہ مزید 3عدد ٹرانسفارمر اور 50عدد کھمبے مہیا کئے جائیں گے۔ وفد نے معاون خصوصی کا علاقہ میں پینے کے پانی کی فراہمی اور تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے پر ٴْان کا شکریہ اداکیا اور بتایا کہ ہینڈ پمپ کی تنصیب سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آئی ہے جبکہ غاضی بانڈی مڈل سکول میں چار کمروں کی تعمیر اور ایک پرائمری سکول اور غاضی میں بانڈی مڈل سکول کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کی منظوری دینے پر عوام کی جانب ان کا شکریہ ادا کیا۔

وفد سے باتیں کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے منشور کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھے گی اور آئندہ بھی توتا بانڈی کے عوام کو ترقی کی دوڑ میںشامل رکھنے کیلئے ترقیاتی سکیموں کو جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے فلاح و بہبود کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گے۔

متعلقہ عنوان :