بالی ووڈ کے سپر سٹار نانا پاٹیکر 66سال کے ہو گئے

کیرئیر میں صرف 60فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن ان کا نام آج بھی بھارتی فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے ،فی البدیہہ ڈائیلاگ بولنے اور بے ساختہ اداکاری میں نانا پاٹیکر کا کوئی ثانی نہیں

اتوار 1 جنوری 2017 23:50

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2017ء) بالی ووڈ کے سپر سٹار اداکار نانا پاٹیکر 66سال کے ہو گئے ،آج ہی کے دن ممبئی میں پیدا ہونے والے ورسٹائل اداکار نے 40سالہ فلمی کیرئیر میں صرف 60فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن ان کا نام آج بھی بھارتی فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے ،فی البدیہہ ڈائیلاگ بولنے اور بے ساختہ اداکاری میں نانا پاٹیکر کا کوئی ثانی نہیں ہندوستانی فلم انڈسٹری میں نانا پاٹیکر کو ایک ایسے کثیر جہتی آرٹسٹ کے طور پر جانا جاتا ہے جنہوں نے ہیرو، معاون اداکار ، ولن اور کریکٹر آرٹسٹ کردار سے شائقین کو اپنا دیوانہ بنایا ہے۔

نانا پاٹیکر کی اداکاری میں ایک خصوصیت یہ رہی کہ وہ کسی بھی طرح کے کردار کے لیے نہایت موضوع رہتے ہیں، فلم ’’خاموشی ‘‘میں ایک گونگے کا کردار ہو یا پھر ’’پرندہ ‘‘اور’’ انگار‘‘ جیسی فلم میں ذہنی طور پر الجھے ہوئے ولن کا کردار یا پھر’’ ترنگا ‘‘اور ’’کرانتی ویر‘‘ جیسی فلم میں ایکشن سے بھرپور کردار ، ان تمام کردار وں میں ان کی اداکاری کا کوئی جواب نہیں۔

(جاری ہے)

نانا پاٹیکر عرف وشوناتھ پاٹیکر ممبئی میں یکم جنوری 1951 کو ایک درمیانے طبقے کے مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئے، ان کے والد دنکر پاٹیکر ایک مصور تھے۔ نانا نے ممبئی کے جے جے اسکول آف آرٹس سے تعلیم حاصل کی، اس دوران وہ کالج کی طرف سے منعقد ہ ڈراموں میں باقاعدگی سے حصہ لیا کرتے تھے۔ ناٹا پاٹیکر کو اسکیچنگ کا بھی شوق تھا اور وہ مجرموں کی شناخت کے لئے ممبئی پولیس کو ان خاکے بنا کر دیا کرتے تھے۔

نانا پاٹیکر نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 1978 ئ میں آئی فلم ’’گمن ‘‘سے کیا لیکن اس فلم میں ناظرین نے انہیں نہ تو نوٹس کیا اور نہ ہی کوئی پذیرائی بخشی۔ اپنے وجود کو تلاش کرنے اور فلموں کے شائقین کے دلوں میں جگہ بنانے اور توجہ حاصل کرنے کے لئے نانا کو فلم انڈسٹری میں تقریبا آٹھ سال جدوجہد کرنا پڑی۔ فلم’’ گمن‘‘ کے بعد انہیں جو بھی کردار ملا وہ اسے قبول کرتے چلے گئے، اس دوران انہوں نے کئی دوسرے درجے کی فلموں میں بھی اداکاری کی لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوپائی۔

سال 1989ئ میں آئی فلم’’ پرندہ‘‘ نانا پاٹیکر کے فلمی کیریئر کی ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ونود چوپڑا کی ہدایت میں بنی اس فلم میں نانا پاٹیکر نے ذہنی طور پر الجھا ہوا لیکن جرم کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کا کردار ادا کیا جو غصے میں اپنی بیوی تک کو زندہ آگ میں جلانے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ اپنے اس کردار کو نانا پاٹیکر نے اس قدر بہترین پیرائے میں پیش کیا کہ ناظرین داد و تحسین دیئے بغیر نہیں رہ سکے۔

متعلقہ عنوان :