مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جبر و استبداد کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائیگی، بیرسٹر سلطان محمود

برطانوی حکومت سے مسئلے پر ثالثی کا کردار اداکرنے کا کہا جائیگا، پریس کانفرنس ے خطاب

پیر 2 جنوری 2017 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانیہ کے شیڈو فارن منسٹرمرزا خلاد محمود نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جبر و استبداد کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔اس سلسلے میں برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی کی پامالی کے خلاف ایک اور قرارداد پیش کر دی گئی ہے جس پر جلد ہی بحث ہوگی۔

اسی طرح یورپی پارلیمنٹ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ہماری کوششوں کی وجہ سے آج برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیرپر آواز گونج رہی ہے۔اس سلسلے میں برطانوی پارلیمنٹ، امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونل ٹرمپ، چین اور اقوام متحدہ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا اب برطانوی حکومت سے بھی کہا جائے گا کہ وہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے آج یہاں اسلام آباد میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رہائشگاہ پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مرزا خالد محمود جوکہ پہلے کشمیری نژاد برطانوی ممبر پارلیمنٹ اوربرطانیہ کے پہلے کشمیری نژاد شیڈو فارن منسٹر ہیں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پہلے کشمیری لیڈر ہیں جو دنیا میں کشمیری عوام کی آواز بن چکے ہیں۔

وہ جب بھی برطانوی پارلیمنٹ آتے ہیں تو درجنوں ممبران برطانوی پارلیمنٹ انکی مسئلہ کشمیر پر بریفنگ سننے کے لئے آجاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں جس بھی حیثیت میں ہوں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرتا رہوں گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری دوماہ پہلے بھی جب برطانیہ آئے تھے تو انھوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں بریفنگ دی تھی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد اب چھٹا ماہ ہو چکا ہے اورمقبوضہ کشمیرمیںکشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

یہ تحریک اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک کہ مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا۔اسلئے انٹرنیشنل کمیونٹی کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے کوششیں کریں۔

متعلقہ عنوان :