کپاس کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے کے لئے دو ماہ کا آف سیزن مینجمنٹ فارمولا جاری

پیر 2 جنوری 2017 18:52

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء) محکمہ زراعت نے کپاس کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے کے لئے دو ماہ کا آف سیزن مینجمنٹ فارمولا جاری کر دیا۔ اس فارمولے پر جنوری اور فروری میں عمل کرکے کاشتکار اپنی کپاس کی پیداوار بہتر بنا سکتے ہیں۔ آف سیزن میں کاشتکار کی سستی اس کی پیداوار میں کمی کر سکتی ہے لہٰذا اس دورانیہ میںبہتر مینجمنٹ کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے ۔

محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان کے مطابق اس فارمولے پر عمل کرکے نہ صرف نقصان دہ کیڑوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس فارمولے کے مطابق جنوری میں سنڈی چوتھی حالت میں فصل کی باقیات اور کاٹن فیکٹریوں میں موجود کچرے میں سرمئی نیند سوتی ہے۔

(جاری ہے)

31 جنوری سے پہلے کھیت سے چھڑیاں تلف کریں۔

فارم کی عمارتوں اور کاشتکاروں کے گھروں سے متاثرہ ٹینڈوں کو اکٹھا کرکے زمین میں دبائیں۔ چھڑیاں کاٹنے کے فوراً بعد کھیت میں گہرا ہل چلائیں۔ گلابی سنڈی سے متاثرہ علاقوں میں گندم کے کھیتوں میں کلورپائریفاس بحساب 2لٹر فی ایکڑ پانی کے ساتھ فلڈ کریں۔ کاٹن جننگ فیکٹریوں کا کچرا باقاعدگی سے تلف کریں۔ اگر فروری میں درجہ حرارت بڑھ جائے تو کچھ لاروے پیوپا بن جاتے ہیں۔

فروری کے آخر میں پروانے نکلنا شروع ہو سکتے ہیں۔ فصل کی باقیات اور بچے کچھے ٹینڈوں کو اکٹھا کرکے زمین میں دبائیں یا جلائیں۔ خالی کھیتوں میں ہل چلا کر فصل کی باقیات، گلابی سنڈی کے لاورے اور پیوپوں کو تلف کریں۔ کاشتکاروں کے گھروں میں موجود چھڑیوں کے ڈھیروں کو الٹ پلٹ کریں اور ان کے نیچے موجود متاثرہ ٹینڈوں کو جلا کر تلف کردیں۔ پروانوں کی تلفی کے لئے کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیروں کے قریب جنسی پھندے لگائیں۔ کاٹن جننگ فیکٹریوں میں موجود کچرے کو باقاعدگی سے تلف کریں۔

متعلقہ عنوان :