شعبہ تعلیم میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے اس کا بیڑہ غرق ہوا ،عبدالرشید ترابی

موجودہ حکومت نے NTSکے ذریعے بھرتیاں کرنے کا اعلان کر کے تعلیم کو بچانے کا اہتمام کیاہے ، لاکھوں نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئینگے ، دنیا میں تعلیم پر فوکس کرنیوالے ممالک نے ترقی کی منازل طے کیں، تقریب سے خطاب

منگل 3 جنوری 2017 18:25

دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے اس کا بیڑہ غرق ہوا ، موجودہ حکومت نے NTSکے ذریعے بھرتیاں کرنے کا اعلان کر کے تعلیم کو بچانے کا اہتمام کیاہے ، لاکھوں نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ، دنیا میں جن ممالک میں تعلیم پر فوکس کیا انہوں نے ترقی کی منازل طے کیں، ریڈ فائونڈیشن نے نسل نو کو تعلیم سے محروم ہونے سے بچانے کے لیے قابل تحسین خدمات سرانجام دیں ، ریاست کے دور دراز علاقوں میں بھی سکول قائم کر کے بچوں کو تعلیم کی طرف لایا۔

ہزاروں یتیم بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا ، ریڈ فائونڈیشن سے فارغ ہونے والے ڈاکٹرز انجینئرز اور تعلیم اپنی شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

غازی آباد کی پچاس سال تک حکومت رہی لیکن یہاں کے مسائل حل نہ ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے ریڈفائونڈیشن کے زیر اہتمام کلس پجے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ظہیر گردیزی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔

تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اچھا نظام تعلیم ہی نسل نو کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور نوجوانوں کو با عمل اور با کردار بناتا ہے ، اساتذہ اپنے آپ کو رول ماڈل بنائیں ، ڈگریوں کے ساتھ عملی مسلمان بننے چاہئیں ، سیرت نبیؐ کا عکس ہماری زندگیوں میںنظر آنا چاہیے ۔ معاشرے کو منورکریں ، گھروں کا ماحول ہماری مائیں بہتر بنائیں ،نماز کی خود بھی پابندی کریں اور اپنے بچوں کو بھی اس کا بندوبست کروائیں ، اچھا معیار تعلیم ہی با کردار نسل تیار کرے گا جو خطے میں انقلاب کا ذریعہ بنے گی ، جن مقاصد کے لیے 1947ء میں جہاد کیاگیا تھا اس خطے کی آزادی کے لیے چپے چپے پر شہداء کا خون گرا جن مقاصد کے لیے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دیں وہ مقاصد ابھی تشنہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نظام کی اصلاح اور کشمیر کی آزادی کے ایجنڈے کے تحت مفاہمتی پالیسی اپنائی ۔ موجودہ حکومت نے میرٹ کی پامالی کا کلچر ختم کرنے کا آغاز کیا ہے ، PSCکی تشکیل نو اور با کردار ممبران کا انتخاب اچھے مستقل کی ضمانت دیتا ہے ، انہوں نے کہا کہ غربی باغ کے بے شمار مسائل ہیں ، سڑک پانی، روزگار سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے کوشش کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے دونوں اہداف کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے مصروف جدوجہدہے ، ان حالات میں ہماری ذمہ داری دوہری ہو جاتی ہے کہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے اندر نریندر مودی نے مظالم کی انتہا کر دی ہے ، کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے پیلٹ گنوں سے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے ان کی پشتیبانی کا حق ادا کرنا بیس کیمپ کی حکومت اور عوام کی ذمہ داری ہے اس محاذ پر بھی ہم نے مل کر کوشش کرنی ہے اور آزاد کشمیر کو ایک ماڈل ریاست بنانے کے لیے بھی جدوجہدکرنی ہے اور اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ فائونڈیشن نے تعلیمی میدان میں قابل فخر خدمات سر انجام دی ہیں حال ہی میں محکمہ تعلیم کے ساتھ ریڈ فائونڈیشن کی نشست ہوئی جس میں وزیر اعظم ، صدر ، وزیر تعلیم سمیت محکمے کے تمام عہدیداران نے ریڈ کی خدمات کی تحسین اور اعتراف کیا ۔