گندم کی فصل کو بروقت پانی نہ دیا جائے تو اس سے پیداوار بری طرح متاثر ہوتی ہے، زرعی ماہرین

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پانی میں کمی بیشی ہمارے ملکی آبی وسائل کو کافی متاثر کررہی ہے۔ جس کا براہ راست اثر پیداوار میں کمی کی صورت میں نکلتا ہے

بدھ 4 جنوری 2017 18:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2017ء) اگر گندم کی فصل کو بروقت پانی نہ دیا جائے تو اس سے پیداوار بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ پانی کی کمی غذائی اجزاء کی فراہمی متاثر کرتی ہے۔ علاوہ ازیں زیادہ آبپاشی نہ صرف پانی کے ضیاع کا سبب بنتی ہے بلکہ یہ زمین اور فصل کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پانی میں کمی بیشی ہمارے ملکی آبی وسائل کو کافی متاثر کررہی ہے۔

جس کا براہ راست اثر پیداوار میں کمی کی صورت میں نکلتا ہے۔ دور حاضر میں پانی کی ضرورت کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے استعمال سے ایک تو پانی بچت ہو اور دوسری طرف نازک اوقات کی بروقت نشاندہی بہت اہم ہے۔ سائنس دانوں کی دن رات کاوشوں اور تجربات کی روشنی میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ گندم کی نشوونما اور بڑھوتری کے لئے بعض اوقات بڑے نازک ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جہاں پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے ان اوقات میں پانی کی کمی پیداوار پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔گندم میں پانی کی قلت برداشت کرنے کی کافی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ درمیانے اور کم پانی سے پروان چڑھائی گئی فصل زیادہ مرتبہ آبپاشی کردہ فصل کے مقابلے میں بہتر پیداوار دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بارانی علاقوں میں بھی کامیابی سے اگایا جا سکتا ہے۔ گندم کو پانی کی مقدار پر اثر انداز ہونے والے عوامل میں آب و ہوا، زمینی تیاری و ہمواری، فصلی ترتیب، پانی کی دستیابی، ذریعہ آبپاشی اور بارش شامل ہیں۔ گندم کی بھرپور پیداوار کے لئے بروقت آبپاشی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :