علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’تحقیق اور تعلیم‘‘ پر بین الاقوامی کانفرنس آئندہ ماہ ہو گی

بدھ 4 جنوری 2017 19:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں تعلیم و تربیت کے فرق کو مٹانے اور معیار تعلیم میں بہتری کیلئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ’’تحقیق اور تعلیم کے مختلف طریقوں‘‘ پر بین الاقوامی کانفرنس اگلے ماہ منعقد ہو گی جس میں امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا کے معروف ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔

کانفرنس کا مقصد تحقیق کو معاشرتی مسائل سے جوڑنے کے نئے راستے تلاشنا بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے ذریعہ قومی و غیر ملکی ماہرین تعلیم کو سماجی تبدیلی لانے کیلئے تعلیم کے نئے طریقے وضع کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی نے علم کی تعمیر و ترویج پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور ریسرچ کلچر کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 2 سال کے مختصر عرصہ میں عالمی معیار کے حامل 8 ریسرچ جنرل شائع کئے گئے اور 12 قومی و بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کی گئیں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ماہ متوقع کانفرنس کے شرکاء جامعات اورمعاشرے کے درمیان رابطوں کو تیز کرنے کیلئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی محققین ،ْ سکالرز اور ماہرین تعلیم زبانی/تحریری پریذنٹیشن ،ْ پوسٹرز پریذنٹیشن اور گول میز مذاکروں کے ذریعہ اپنی تعلیمی خدمات اور تجربات پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :