کشمیریوں کی آواز گولی سے نہیں دبائی جاسکتی، بین الاقوامی برادری کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوائے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام عالم کا ضمیر جھنجھوڑتا رہے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور اس جنت نظری وادی کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔وزیراعظم نوازشریف کا کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 5 جنوری 2017 13:24

کشمیریوں کی آواز گولی سے نہیں دبائی جاسکتی، بین الاقوامی برادری کشمیریوں ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05جنوری۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جارحانہ پالیسی کے حوالے سے کہا ہے کہ دنیا بھارت کو بتا دے کہ بس اب بہت ہوچکا ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور اس جنت نظری وادی کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔اسلام آباد میں کشمیرکے موضوع پر 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے دنیا بھر سے آئے نمائندوں کی توجہ مقبوضہ وادی میں انسانیت سوز مظالم کی جانب مبذول کروائی۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ 70 سال سے جاری کشمیری جدوجہد سے ثابت ہوگیا کہ بھارت گولی کے ذریعے ان کی آواز نہیں دباسکتا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر کشمیریوں کی مدد جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

حریت کمانڈر برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ کا نیا باب لکھ رہے ہیں اور برہان وانی کی شہادت سے نوجوانوں میں نیا جوش پیدا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز گولی سے نہیں دبائی جاسکتی، بین الاقوامی برادری کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں خون کا کھیل روکا جائے اور رائے شماری کے ذریعے مسئلے کا دیرپا حل نکالا جائے۔ساتھ ہی انھوں نے حق خودارادیت کے لیے جہد مسلسل پر نہتے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام عالم کا ضمیر جھنجھوڑتا رہے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری جس بہادری اور عزم کے ساتھ قابض افواج کا جواں مردی سے مقابلہ کر رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ میں نیا باب رقم کر رہے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کشمیریوں کے لئے ایک مثال بن گئی ہے، وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں ایک نیا ولولہ اور روح پھونک دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 6، 7 ماہ سے جاری پرامن احتجاج کشمیریوں کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ مقبوضہ فورسز سے آزادی چاہتے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لے مختلف ممالک میں وفود بھیجے اور میں نے خود بھی کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے اور حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔