لودھراں میں ریلوے سٹیشن کے قریب 2 رکشے ٹرین کی زد میں آنے سے7 بچے جاں بحق ہو گئے-ریلوے پھاٹک کھلا ہوا تھا اور حادثے کے وقت ریلوے کا کوئی ملازم اس وقت موجود نہیں تھا۔عینی شاہدین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 6 جنوری 2017 10:21

لودھراں میں ریلوے سٹیشن کے قریب 2 رکشے ٹرین کی زد میں آنے سے7 بچے جاں ..

لودھراں(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06جنوری۔2017ء) لودھراں میں علی وان ریلوے اسٹیشن کے قریب 2 رکشے ٹرین کی زد میں آنے سے 7 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہزارہ ایکسپریس حویلیاں سے کراچی جارہی تھی کہ علی وان اور لودھراں کے درمیان ریلوے پھاٹک کھلا ہونے کے باعث 2 رکشے ٹرین کی زد میں آگئے۔

تفصیلات کے مطابق موٹر رکشوں میں سکول جانے والے بچے سوار تھے - پولیس افسر جاوید احمد نے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور شدید دھند کی وجہ سے آنے والی ٹرین کی درست رفتار کا اندازہ نہیں لگا سکے، یہی وجہ ہے کہ وہ پٹری کراس کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئے۔دوسری جانب اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ حادثہ ریلوے ملازمین کی غفلت کے باعث پیش آیا اور علی وان اسٹیشن کے قریب ریلوے پھاٹک کھلا رہنے کے نتیجے میں رکشے ٹرین کی زد میں آئے۔

(جاری ہے)

پولیس افسر جاوید احمد نے مزید بتایا کہ ایک رکشہ ڈرائیور اور مزید پانچ بچوں کی حالت تشویش ناک ہے، جن کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان ہیں۔واقعے کے بعد بچوں کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے حادثہ پہنچ گئی۔دوسری جانب ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں سکول کے7 بچے جاں بحق ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق ریلوے پھاٹک کھلا ہوا تھا جب کہ حادثے کے وقت ریلوے کا کوئی ملازم اس وقت موجود نہیں تھا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :