کپاس کی قبل از وقت کاشت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کے لئے دفعہ144نافذ

15اپریل سے قبل کپاس کی بوائی کرنیوالوں کی فصل تلف کردی جائے گی اور قانونی کاروائی بھی ہوگی اس انتباہ کا مقصد کاشتکاروں کی درست سمت میں رہنما ئی کرکے بھر پور فصل حاصل کرنا ہے ‘ترجمان زراعت

جمعہ 6 جنوری 2017 14:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2017ء)پنجاب بھر میں کپاس کی قبل از وقت کاشت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کے لئے دفعہ144نافذ کردی گئی ۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار 15اپریل سے قبل کپاس کی بوائی نہ کریں بصورت دیگر ان فصل تلف کردی جائے گی اوردفعہ144کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد کپاس کے کسان کوبروقت بوائی کے بارے کسان کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کپا س کی بہتر فصل حاصل کرسکے۔

قبل از وقت بوائی سے کپاس کی فصل پر ممکنہ طور پر رس چوسنے والے کیڑوں کے حملہ سے کپاس کا پوراعلاقہ متاثر ہوسکتا ہے اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ قبل از وقت کپاس کی کاشت نہ صرف مجموعی طور پر کپاس کی پیداوار کے ہدف کے رستے میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے بلکہ کپاس کے کاشتکاروں کے لئے کی گئی محفوظ اور عصری تقاضوں کے مطابق بنائی گئی حکمت عملی کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

کپاس کی پیداوار میں کمی کی ایک وجہ قبل از وقت کاشت ہے اس لئے کپاس کے کاشتکار 15اپریل سے قبل کسی صورت کپاس کی کاشت نہ کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت وقتاً فوقتاً کپاس کی بہتر پیداوار کے لئے کسانوں کو آگاہی فراہم کرتا ہے اور اس حوالے سے مختلف لائحہ عمل مرتب کئے گئے ہیں ۔جن پر عمل کرکے کسان بہترین پیداوار حاصل کرسکتا ہے۔ اس انتباہ کا مقصد کپاس کے کاشتکاروں کو درست سمت میں رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کرسکیں۔