15اپریل سے قبل کپاس کی بوائی کرنے والوں کی فصل تلف کردی جائے گی،محکمہ زراعت

جمعہ 6 جنوری 2017 18:48

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء)کپاس کے کاشتکار 15اپریل سے قبل کپاس کی بوائی نہ کریں بصورت دیگر ان کی فصل تلف کردی جائے گی اوردفعہ144کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد کپاس کے کاشتکاروں کوبروقت بوائی کے بارے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کپا س کی بہتر فصل حاصل کرسکیں۔

قبل از وقت بوائی سے کپاس کی فصل پر ممکنہ طور پرگلابی سنڈی اوردوسرے رس چوسنے والے کیڑوں کے حملہ سے کپاس کا علاقہ متاثر ہوسکتا ہے اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ قبل از وقت کپاس کی کاشت نہ صرف مجموعی طور پر پیداواری ہدف کے حصول میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے بلکہ کپاس کے کاشتکاروں کے لئے کی گئی محفوظ اور عصری تقاضوں کے مطابق بنائی گئی حکمت عملی کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

کپاس کی پیداوار میں کمی کی ایک وجہ قبل از وقت کاشت ہے اس لئے کپاس کے کاشتکار 15اپریل سے قبل کسی صورت کپاس کی کاشت نہ کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آف سیزن مینجمنت کے سلسلہ میں آگاہی مہم جاری ہے اور اس حوالے سے مختلف لائحہ عمل مرتب کئے گئے ہیں ۔جن پر عمل کرکے کاشتکار بہترین پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ اس انتباہ کا مقصد کپاس کے کاشتکاروں کوقبل از وقت اور درست سمت میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔