بلاول بھٹو زرداری کی لاڑکانہ آمد ،کارکنوں اور شہریوں نے والہانہ استقبال کیا

جگہ جگہ کارکنوں نے گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں

جمعہ 6 جنوری 2017 22:53

بلاول بھٹو زرداری کی لاڑکانہ آمد ،کارکنوں اور شہریوں نے والہانہ استقبال ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2017ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو سے لاڑکانہ شہر پہنچے جہاں پر انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میونسپل کارپوریشن روڈ، ایمپائر روڈ، مچھلی مارکیٹ، پاکستان چوک، باغ جناح چوک، اسٹیشن روڈ، اوور ہیڈ برج، ہائی کورٹ روڈ، چانڈکا برج، سچل کالونی اور دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، دورے کے دوران صوبائی وزیر نثار کھوڑو اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بلاول کی آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور شہریوں نے والہانہ استقبال کیا جبکہ جگہ جگہ کارکنوں نے بلاول کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے ویکلم بلاول بھٹو ویلکم کے فلق شگاف نعرے لگائے، کئی کارکن بلاول کی گاڑی کے ساتھ بھاگتے رہے۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ لاڑکانہ کے حلقہ این اے 204 سے ضمنی انتخاب لڑنے سے قبل بلاول بھٹو لاڑکانہ شہر کو اچھی طرح جاننے کے لئے لاڑکانہ پہنچے۔

گاڑی میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو بلاول بھٹو کو شہر کے مختلف علاقوں سمیت شہر کے اندر جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے رہے۔ بلاول نے کئی موقعوں پر گاڑی کے اندر سے ہاتھ ہلاکر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔ بعد میں بلاول بھٹو بذریعہ موہن جو دڑو ایئرپورٹ کراچی روانہ ہوگئے۔ بلاول بھٹو زرداری کی لاڑکانہ آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے اہم چوراؤں کی صفائی کرتے ہوئے گندگے کے ڈھیروں کو ختم کیا گیا تھا۔#