پاکستان نے بھارتی دہشتگردی اور مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کردیئے،وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا خط بھی ڈوزیئر کے ساتھ تھا

جمعہ 6 جنوری 2017 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) پاکستان نے بھارت کی جانب سے دہشتگردی اور بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کردیئے ہیں جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں سے روکے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ملیحہ لودھی نے پاکستان میں دہشتگردی اور بھارتی مداخلت کے ثبوتوں پر مشتمل ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرر کے حوالے کیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا خط بھی ڈوزیئر کے ساتھ تھا۔ ڈوزیئر میں بھارت اور را کے پاکستان میں مداخلت کے ثبوت اور دہشتگردی بالخصوص بلوچستان‘ فاٹا اور کراچی میں مداخلت کے ثبوت اور اضافی اطلاعات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ 2015ء میں اقوام متحدہ کے حوالے کئے جانے والے ان تین ڈوزیئر کا فالو اپ ہے ۔ ڈوزیئر کے ساتھ کورنگ لیٹر میں سرتاج عزیز نے لکھا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’ را ‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا اور اس نے اعترافی بیان میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور دہشتگرد عناصر کی مدد کا اعتراف کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔

بھارت کی جانب سے یہ سرگرمیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی اور دہشتگردی کے عالمی کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کے حالیہ بیانات اس کے پاکستان کے حوالے سے مذموم ارادوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف دنیا کی کوششوں میں بڑا شراکت دار ہے اور دہشتگردی کے خلاف اندرونی جنگ میں اس نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

یہ کامیابیاں بڑے قومی نقصان جس میں ہزاروں شہریوں کی اور سیکیورٹی فورسز کا جانی نقصان شامل ہے‘ کی قیمت پر حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دیگر متعلقہ تنظیموں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کی روشنی میں اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرے اور بھارت کو ایسی سرگرمیوں سے روکے جو عالمی قوانین کی سنگین کھلی خلاف ورزی اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کا خواہشمند ہے۔ علاقائی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دے کر ہی اپنے عوام کی خوشحالی اور معاشی ترقی کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پرعزم ہے اور اس کی سلامتی کو کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہا ہے۔