افریقی ملکوں کی درآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جائیں ، انجینئر احمد حسن

پاکستانی برآمدکنندگان افریقی ممالک سے تجارت کرنے والے چینی برآمدکنندگان سے مل کر مشترکہ منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں، نائب صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

ہفتہ 7 جنوری 2017 16:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2017ء) افریقی ملکوں کی درآمدات میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے جسے بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔پاکستانی برآمدکنندگان افریقی ممالک سے تجارت کرنے والے چینی برآمدکنندگان سے مل کر مشترکہ منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں تا کہ ان کے ذریعے افریقی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کیلئے جگہ بنائی جا سکے۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر انجینئر احمد حسن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ روابط بارے قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ڈی اے پی(TDAP) اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دونوں ہی ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

اس لئے دونوں اداروں میں روابط بڑھانے سے مزید نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے محدود وسائل کے باوجود فیصل آباد سے برآمدات بڑھانے کیلئے تجارتی وفود دنیا کے مختلف ملکوں کو بھیج رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی معیشت لیبر Instensive صنعتوں کی بجائے تیزی سے ہائی ٹیک اشیاء کی تیاری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں خاص طور پر افریقی ممالک میں پیدا ہونے والے خلاء کو پاکستان بآسانی پُر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افریقی ملکوں کو خاص طور ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کیلئے حکومت اور برآمدکنندگان کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں انڈیا انتہائی سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں تمام بھارتی سفارتخانوں میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس سلسلہ میں مربوط اور منظم کوششیں کرنا ہونگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلہ میں حکومت پاکستان کی فوری توجہ کیلئے یخط لکھے گا تا کہ افریقی ملکوں میں پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے ان ملکوں کے پاکستانی سفارتخانوں میں بھی خصوصی ڈیسک قائم کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں چینی برآمدکنندگان پاکستان میں ٹیکسٹائل مصنوعات تیار کرکے مقامی برآمدکنندگان کے تعاون سے ان کو افریقی ممالک کیلئے برآمد کر سکتے ہیں۔

انجینئر احمد حسن نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کو پاکستان سے روائتی اور غیر روائتی اشیاء کی برآمدات کیلئے ایسی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جس سے فوری نتائج حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی طرف سے جن عالمی تجارتی نمائشوں کی اطلاع ملتی ہے اسے فوری طور پر فیصل آباد چیمبر کے ممبران تک پہنچایا جا رہا ہے۔ تاہم ٹی ڈی اے پی کو دوسرے ملکوں میں لگائی جانے والی تمام نمائشوں میں فیصل آباد چیمبر کے پویلین کیلئے جگہ رعائتی نرخوں پر دینی چاہیئے۔ اس میٹنگ میں ٹی ڈی اے پی کمیٹی کے چیئرمین انجینئر عاصم منیر کے علاوہ طارق وسیم، غلام فرید، محمد شفیق شاہد اور سعید اقبال رانا نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :