یورپ اور امریکہ بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی ،ْ شدید برف باری کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ

دو روز کے دوران شدید سردی کے باعث یورپ بھر میں مرنے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ،ْامریکہ میں مزید برف باری کی پیشگوئی

اتوار 8 جنوری 2017 16:10

یورپ اور امریکہ بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی ،ْ شدید برف باری ..

لندن/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2017ء) یورپ اور امریکہ بھر میں شدید سردی کی لہرتیسرے روز برقرار رہی ،ْ شدید برف باری کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں دو روز کے دوران شدید سردی کے باعث یورپ بھر میں مرنے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ۔یورپی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر بے گھر اور تارکین وطن افراد شامل ہیں ،ْصرف پولینڈ میں دو روز کے دوران شدید ترین سردی کے باعث 10 افراد ہلاک ہو ئے ۔

پولینڈ کے حکومتی مرکز برائے سیکورٹی کے مطابق نومبر سے اب تک سردی کے باعث 53 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔اٹلی میں سردی کے باعث 7 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جن میں پانچ بے گھر افراد شامل ہیں ،ْشدید برفباری کے باعث ملک بھر کے متعدد ایئرپورٹس بند رہے اور سیکڑوں فلائٹس منسوخ کردی گئیں ۔

(جاری ہے)

چیک ری پبلک میں شدید سردی کے باعث 3 افراد ہلاک ہوئے ،ْبلغاریا میں 2 عراقی تارکین وطن ،ْ یونان سے ایک افغان تارک وطن کی لاش ملی ہے ۔

حکام کے مطابق تینوں افراد کی ہلاکت شدید سردی کے باعث ہوئی ادھر امریکہ میں بھی برف باری کے باعث سردی کی شدت برقرار رہی ،ْریاست میساچوسٹس کے شہر بوسٹن میں بارہ انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ،ْ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی بھی کی ہے ۔شمالی ریاست کنیکٹی کٹ میں برفانی طوفان کے باعث ٹریفک کے درجنوں واقعات رونما ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔

متعلقہ عنوان :