فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کی جائیگی،وزیراعظم نوازشریف

وزیراعظم کی زیرصدارت خارجہ امورسے متعلق اجلاس، شرکاءکا قومی پالیسی کے حصول کیلئے ہرسطح پرکوششیں جاری رکھنے کاعزم،آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کی تعریف،دہشتگردی اورانتہاپسندی کیخلاف پاکستان کی زیروٹالرنس پالیسی ہے،اجلاس میں فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 9 جنوری 2017 18:09

فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کی جائیگی،وزیراعظم ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09جنوری2017ء) :وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کی جائیگی،فوجی عدالتوں کی مدت کاتعین سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیاجائیگا، دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف پاکستان کی زیروٹالرنس پالیسی ہے۔وہ آج وزیراعظم ہاؤس میں خارجہ امورسے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اعلامیہ اجلاس کے مطابق شرکاء نے قومی پالیسی کے حصول کیلئے ہرسطح پرکوششیں جاری رکھنے کاعزم کیا۔اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کوبھی سراہاگیا۔جبکہ انسداددہشتگردی آپریشن کے ثمرات کومزیدمستحکم بنانے کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان،وزیرخزانہ اسحاق ڈار، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نویدمختار، معاون خصوصی طارق فاطمی ، سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری ودیگربھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں قراردیاگیاکہ دہشتگردی کیخلاف فوجی عدالتوں نے اہم کرداراداکیا۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کی جائے گی۔وفاق نے فوجی عدالتوں کے توسیع کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔فوجی عدالتوں کی مدت کاتعین سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف پاکستان کی زیروٹالرنس پالیسی ہے۔دہشتگردی اور انتہاپسندی کاخاتمہ ملکی امن کیلئے ضروری ہے۔