پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا ایم ڈی اے کی کرپشن کیخلاف وکلاء کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

جمعرات 12 جنوری 2017 16:58

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور بار ایسوسی ایشن کے وکلا ایم ڈی اے کی کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ہم وکلا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اُن کے احتجاج کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ایم ڈی اے سمیت میرپور میں ہر جگہ کرپشن کا دور دورہ ہے۔

جس کے خلاف میرپور کی تمام تنظیمیں اور سول سوسائٹی سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ایک طرف آزاد کشمیر کی سب سے بڑی بار کے وکلا احتجاج کر رہے ہیں تو دوسری طرف ٹیچنگ ہسپتال نیو سٹی کے ملازمین چھ ماہ سے تنخواوں کی بندش کی وجہ سے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔بدترین لوڈ شیڈنگ ،پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سمیت میرپور کو عملی طور پر مسائلستان بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ ایم ڈی اے میں جناح ماڈل ٹاون کیس میں کروڑوں کی کرپشن ثابت ہو چکی ہے۔اگر مسلم لیگ نون کے وزرا اس کرپشن میں ملوث نہیں تو وہ اس کیس کے اندر ملوث افراد کو فوری عبرت کا نشان بنائیں۔حکومت اور میرپور میں کرپشن کے ذمہ داران کان کھول کر سُن لیں ہم میرپور کے اندر کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔میرپور بین الاقوامی اہمیت کا شہر ہے۔جہاں کے بسنے والے لاکھوں کی تعداد میں برطانیہ یورپ سمیت پوری دُنیا میں کاروبار کے سلسلے میں رہتے ہیں۔

میں نے اپنے دور میں میرپور میں ائیر پورٹ کے منصوبے کی منظوری لی تھی۔جیسے مجید اور نواز شریف نے ایک سازش کے تحت ختم کردیا ۔ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے میرپور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اُنھوں نے مزید کہا کہ میرپور بار کے وکلا نے ماضی میں میرپور کی عوام کے حقوق کے لیے تاریخی خدمات سر انجام دی ہیں۔میرپور کے حقوق پر جب بھی ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو وکلا نے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ۔اب ایک مرتبہ پھر ایم ڈی اے کی کرپشن کے خلاف وکلا احتجاج کر رہے ہیں۔ہم اس احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔میرپور بار ایسوسی ایشن اس سلسلے میں جو بھی اقدامات اُٹھائے گی۔تحریک انصاف اس کی بھرپور حمایت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :