عوام کو پینے کے صاف پانی اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، خلیل جارج

حکومت نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا ،گوادرسی پیک منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں کی تعداد میں روزگار کے مواقعوں میسر آئیں گے، رکن قومی اسمبلی

جمعرات 12 جنوری 2017 21:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور بین المذاہب خلیل جارج نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی اوردیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کرسچن ٹاؤن سمنگلی روڈ پر واٹر فلٹر پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

خلیل جارج نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے عوام کا معیاری زندگی بلند کرنے اورانہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے گوادرسی پیک منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں کی تعداد میں روزگار کے مواقعوں میسر آئیں گے اور بلوچستان سمیت ملک ترقی کریگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کرسچن ٹاؤن سمنگلی روڈ، بشیراحمد نواں کلی ، شازمان ر وڈ، پی بی اے چرچ کلی دیبہ ،کڈنی ہسپتال اور سول ہسپتال میں واٹر فلٹر پلانٹ لگائے جارہے ہیں جن سے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شروع دن سے کوشش رہی ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کی جائیں جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ خلیل جارج نے اس موقع پر کرسچن ٹاؤن سمنگلی روڈ پر نئے لگائے جانے والے واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا۔