الیکشن کمیشن نے افسران کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کردیا

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا

جمعرات 12 جنوری 2017 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) الیکشن کمیشن نے اپنے افسران کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔ جمعرات کو سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔ الیکشن کمیشن گریڈ 8 سے 16 تک 100 افسران اسلام آباد سیکرٹریٹ میں تربیت حاصل کریں گے۔ یہ تربیتی پروگرام نومبر 2016ء میں شروع کئے گئے صوبائی تربیتی پروگرام کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت اب تک الیکشن کمیشن کے گریڈ 8 سے 16 تک 150 افسران تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد الیکشن کمیشن کے افسران کے روزمرہ امور کی انجام دہی کیلئے صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس تربیت یافتہ انسانی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آزادانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹریننگ ظفر اقبال حسین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ نگہت صدیق نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :