قلم کار ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، مسائل کی نشاندہی ،معاشرے کی خرابیوں کو سامنے لانے میںان کا موثر کردار ہے، وسیم اخترمیئر کراچی

جمعہ 13 جنوری 2017 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ قلم کار ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، مسائل کی نشاندہی اور معاشرے کی خرابیوں کو سامنے لانے میںان کا موثر کردار ہے اور یہ اپنے قلم کے ذریعے معاشرے کی خدمت کا اہم فریضہ انجام دیتے ہیں لہٰذا ان کی ہر سطح پر سرپرستی اور قلم اور قلم کاروں کی حرمت کی پاسبانی کے لئے ہر ادارے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ رائٹرز کلب کے 13 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجس نے چیئرمین اے جی سنگھانیہ کی قیادت میں میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، ورلڈ رائٹرز کلب کے وائس چیئرمین سید نعمت اللہ بخاری،سیکریٹری ابراہیم صالح محمد ، ڈپٹی سیکریٹری آغا سید کرم علی شاہ، خزانچی اسد سنگھانیہ اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے ، میئر کراچی نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ ورلڈ رائٹرز کلب پاکستان کی شکل میں قلم کاروں ، ادیبوں اور شعراء کا پلیٹ فارم نہ صرف علم و ادب کی خدمت میں مصروف ہے بلکہ اپنی فکر انگیر تحریروں کے ذریعے معاشرے میں بہتری لانے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ مستند اور نامور قلم کاروں کے ساتھ ساتھ نئے لکھنے والوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی ہونی چاہئے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے جامع اور مربوط اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ علمی و ادبی سرگرمیوں کی بھی مکمل سرپرستی اور تعاون فراہم کرتی ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون مہیا کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :