شہرقائد میں موسم سرما کی پہلی بارش، نظام زندگی مفلوج ،مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ،کرنٹ لگنے سے 3فراد جاں بحق
مختلف شاہرائوں پر پھسلن سے موٹر سائیکلیں سلپ ، درجنوں افراد زخمی ہوگئے ، بغیر منصوبہ بندی ،عجلت میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبے شہریوں کیلئے عذاب بن گئے بارش کے با عث 300فیڈر ز ٹرپ کر گئے،کلفٹن، شاہ فیصل، ملیر، ٹیپو سلطان، لانڈھی اور گلشن اقبال میں بجلی کی فرا ہمی معطل شہر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا بھی امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا، محکمہ موسمیات
ہفتہ 14 جنوری 2017 15:24
(جاری ہے)
تفصیلات کے مطابق جمعہ سے کراچی میں شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ ہفتہ کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا، جس سے سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہو گیا ہے بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔شہر بھر میں پھسلن کے باعث ٹریفک حادثات ہو نا شروع ہو گئے، گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے کاٹھور موڑ کے قریب صوابی سے کراچی آنے والی تیز رفتار کوچ پھسلن کی وجہ سے سڑ ک کنارے چلنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بس میں سوار افراد کو زخمی حالت میں نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
اس ضمن میں ایس ایچ او خان نوازنے بتایا کہ حادثے میں بس کا کنڈیکٹر 23سالہ دائود خان ولد منیر خان جاں بحق اور 5افراد35 سالہ ساجدہ بی بی، 70 سالہ داود خان، 54 سالہ نیاز محمد، 33سالہ نیاز رحیم اور 23سالہ عبدالرحیم زخمی ہوئے، متوفی کا آبائی تعلق صوابی سے بتایا جاتا ہے، فیروز آبادتھانے کی حدودکشمیر روڈ پر بارش کے سبب ہونے والی پھسلن سے تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہو گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جس کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا، پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 25سالہ اسد ولد ظہور احمد کے نام سے کی گئی جو کہ سرجانی ٹائون کا رہا ئشی تھا۔ پولیس کے مطابق متوفی ہیلمٹ نہیں پہنا تھا اور سر پر گہری چوٹ لگنے سے اس کی موت واقع ہو ئی ہے۔ابراہیم حیدری تھانے کی حدود کورنگی کراسنگ جمعہ بازار گرائونڈ کے قریب بارش کے دوران بجلی کے تار زمین پر گر گئے کرنٹ لگنے سے 5افراد بے ہوش ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تمام افراد کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹرز نے ایک شخص کی موت کی تصدیق کردی، ایس ایچ او احمد شیخ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 35سالہ عابد ولد سرور کے نام سے کی گئی جو کہ کورنگی کا رہائشی تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں کاشف، راشد، محمد بلال اور عابد حسین شامل ہیں جن کی حالت تشو یش ناک بتائی جاتی ہے۔ہفتہ کودفاتر اور اسکولوں میں بھی حاضری معمول سے بہت کم رہی اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کم ہونے کے باعث مسافروں کو شدید دشواری کا سامناکرناپڑا ۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ پانی جمع ہو گیاجس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔علا وہ ازیں کراچی میں بارش کے باعث کراچی میں 300 کے قریب فیڈر ز ٹرپ ہوئے اور رات گئے متعدد علاقو ں اندھیرا تھا۔ کے الیکٹرک ترجمان نے کہا کہ متاثر ہونے والے فیڈر ز کی تعداد معلوم نہیں، بعض علاقوں میں رات گئے تک بجلی بحال نہ ہو سکی تھی،متاثر ہونے والے علاقوں میں کلفٹن، شاہ فیصل، ملیر، ٹیپو سلطان، لانڈھی اور گلشن اقبال کے کچھ علاقے شامل تھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں بھی چلتی رہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش مسرور بیس پر 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ فیصل بیس پر27 ملی میٹر، ناظم آباد میں 25 ملی میٹر اور نارتھ کراچی میں 22.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ پر 18.5 ملی میٹر، پہلوان گوٹھ میں 12.6 ملی میٹر، لانڈھی میں 8 ملی میٹر، ائیرپورٹ پر 7.6 ملی میٹر اورگلشن حدید میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب کراچی میں بغیر منصوبہ بندی اور عجلت میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبے بارش کے باعث شہریوں کے لئے عذاب بن گئے۔ زیرتعمیر یونیورسٹی روڈ پر وفاقی اردو یونیورسٹی اور مسجد بیت المکرم کے درمیان ٹریک پر گڑھے پڑ نے اور پانی جمع ہونے سے ٹریفک شدید جام ہوگیا۔ سڑک کے بقیہ حصہ این ای ڈی تا صفورا چورنگی پر بھی لوگ بارش کے پانی اور کیچڑ میں پھنسے رہے، مناسب متبادل راستے نہ ہونے کی وجہ سے شام کو اپنے گھروں کیلئے جانے والے گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ طارق روڈ کی تعمیر کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دبائو رہامحکمہ بلدیات، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر عملہ کہیں نظر نہ آیا۔شہریوں نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، شیرشاہ سوری روڈ پر گرین لائن بس منصو بہ زیرتعمیر ہونے سے بھی انہیں مشکلا ت رہیں۔ شارع فیصل پر جناح ٹرمینل سے قائدآباد تک سڑک کے دونوں ٹریک کی ازسرنو تعمیر جاری ہے اس سڑک پر بھی قائدآباد جانے اور اسٹیل مل سے واپس شہر آنے والے لوگوں کو شدید پریشانی رہی، بارش کے باعث اس سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔کورنگی کراسنگ پر ایک سال سے زائد عرصے سے زیر تعمیر فلائی اوور کے اطراف میں بھی ٹریفک جام رہا، شہریوں نے محکمہ بلدیات اور کے ایم سی کی جانب سے ترقیاتی کا مو ں کے دوران مناسب متبادل راستے نہ بنا نے، ٹریفک پولیس، سٹی وارڈن تعینات نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ان کا کہنا تھا کہ بارش وغیرہ کو مدنظر رکھ کر حکومت کو انتظامات کرنا چاہئے تھے۔مزید موسم کی خبریں
-
لاہور میں سورج کی تپش سے گرمی کا زور بڑھ گیا
-
ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
-
محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا کی آئندہ ہفتے بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی
-
کراچی میں سردی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ
-
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار
-
محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتہ شہر لاہور میں بارش کی پیش گوئی
-
25 فروری کو آنے والے سسٹم کے زیراثرکراچی میں بھی بارش کا امکان
-
ملک کے بالائی، وسطی علاقوں میں 17 سے 21 فروری تک بارشوں کی پیشگوئی
-
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش سے سردی میں اضافہ
-
31جنوری سے 4فروری تک بارش اورپہاڑوں پر برف باری پیشگوئی
-
ہفتہ کے روز سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی توقع
-
کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئرکوالٹی انڈیکس 241ریکارڈ
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.