ٹوبہ روڈ پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس کا افتتاح ، 2012میں شرح خواندگی 68فیصد تھی جو اب بڑھ کر 77فیصد تک آگئی ہے،وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمان

ہفتہ 14 جنوری 2017 17:01

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے ٹوبہ روڈ پر واقع علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم ، ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم ، ممبران صوبائی اسمبلی خرم خان سیال ، مہر خالد سرگانہ ،چیئرمین ضلع کونسل نواب بابر علی خان سیال ، چیئرمین بلدیہ شیخ نواز اکرم ،صدر چیمبر آف کامرس شیخ محمد یعقوب ،سابق امیدوار پی پی 78 آزاد ناصر انصاری ،وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد صدیقی، ڈائریکٹر ریجنل کیمپس ڈاکٹر عارف سلیم عارف سمیت شعبہ تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

وزیر مملکت نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ریجنل کیمپس کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

بعد میں انہوں نے بصارت سے محروم افراد کے خصوصی شعبہ ایسسی بلٹی سمیت کیمپس میں بنائے گئے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جس کے بارے انہیں وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے بریفنگ بھی دی۔کانفرنس ہا ل میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں دہشت گردی جیسے بڑے مسائل کے ساتھ لوڈ شیڈ نگ ، بدتر معیشت سمیت کئی بڑے مسائل کا سامنا تھا لیکن وزیر اعظم نوازشریف اور شہبا ز شریف نے اپنے ویژن کے مطابق کام کرتے ہوئے ملک کو نہ صرف دہشت گردی سے نکالا بلکہ دیگر مسائل کے حل کر نے پر بھی خصوصی توجہ دی جس سے اب لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پہلے ہمیں بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کر نا پڑتا تھا لیکن اب یہ نہ ہونے کے برابر ہے اور 2018میں اس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے باعث پرائمری سطح پر شرح خواندگی میں واضح اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ 2012میں شرح خواندگی 68فیصد تھی جو اب بڑھ کر 77فیصد تک آگئی ہے ۔اسی طر ح 2012میں دو کروڑساٹھ لاکھ بچے سکولوں سے باہر تھے لیکن حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اب یہ تعداد کم ہورہی ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی کاکہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا تعلیم کے فروغ میں کردار نہایت اہم ہے جس کومد نظر رکھتے ہوئے اس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور ریجنل کیمپس کا قیام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں تمام علوم کی دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ بصارت سے محروم افراد کے لئے اسیسی بلٹی سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے نہ صرف اس یونیورسٹی کے طلبا ء بلکہ دیگر طلبا ء بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی کی جانب سے تمام معذوار افراد کے لئے تعلیم مکمل طور پر مفت ہے۔سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے ویژ ن کے مطابق ہر شعبہ کی ترقی کے لئے کام کر رہی خصوصاً تعلیم کے حوالے سے کافی کام کیا جارہا ہے ۔اس کیمپس کی تعمیر کے بعد جھنگ اور چینوٹ کے بہت سے طلباء کے تعلیمی مسائل میں کمی آئے گی۔

متعلقہ عنوان :