آزادکشمیر میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے نئی تعلیمی پالیسی لا رہے ہیں، راجہ فاروق حیدر

نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا،طلباء یونین قیادت کی نرسری ہے اس کو بحال کرینگے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 14 جنوری 2017 17:08

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) وزیرا عظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے نئی تعلیمی پالیسی لا رہے ہیں ۔نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔طلباء یونین قیادت کی نرسری ہے ۔اس کو بحال کرینگے ۔لیکن پہلے اس کا ضابطہ اخلاق طے کرینگے ۔

سرد علاقوں میں زلزلہ کے بعد تعمیر نہ ہونے والے اسکولوں کی تعمیر کو اولین ترجیح میں رکھا ہے تاکہ موسمی شدت کے باعث تعلیمی امور متاثر نہ ہو ۔آزادکشمیر میں بڑھتی ہوئی علاقائیت اور عصبیت کے خلاف تمام قوتیں بالخصوص طلباء اپنا کردار ادا کریں ۔نوجوان فنی تعلیم کے میدان میں آگے آئیں ۔دیگر شعبہ جات میں بھی مہارت حاصل کریں ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا کا جائز اور تحریک آزادی کیلئے استعمال کریں ۔

نئی نسل کو تباہ کرنے والے عناصر کو روکنا ہے ۔اسلامی جمعیت طلباء آزادکشمیر کے وفد جس میں ناظم کشمیر راجہ آفتاب احمد خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر یونیورسٹی کی ناقص تعمیرات کرنے والے ٹھکیدار کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے ۔نئے تعلیمی ادارے جہاں اشد ضرورت ہیں وہ ضرور بنائیں گے مگر پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کی بہتری اولین ترجیح ہے ۔

اس موقع پر اسلامی جمعیت طلباء کے وفد نے وزیر اعظم آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ آزادکشمیر کے اندر مزید تعلیمی بورڈز کے قیام کی اشد ضرورت ہے ۔میرپور بورڈ سارے آزادکشمیر کی تعلیمی ضروریات پوری نہیں کر سکتا ۔پاکستان کے اندر ہر ضلع کے اپنا تعلیمی بورڈ ہے ۔یہاں پر بھی مزید تعلیمی بورڈ بنانے چائیں ۔اس حوالے سے ہم نے بھرپور مہم شروع کی ہوئی ہے ۔وفد نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی جانب سے این ٹی ایس کے نفاذ ،پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کو میرٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ طلباء کے مسائل کے حل کیلئے ہم امید رکھتے ہیں کہ حکومت مزید بھی اقدامات اٹھائے گی ۔اسلامی جمعیت طلباء حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :