ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری دنیا کی مہنگی ترین تقریبات میں سے ایک ہوگی

20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے ، سکیورٹی اقدامات پر 10ارب سے زائد خرچ ہونگے

ہفتہ 14 جنوری 2017 19:35

ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری دنیا کی مہنگی ترین تقریبات میں سے ایک ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنا منصب سنبھالیں گے اور اس حوالے سے ہونے والی تقریب پر صرف سکیورٹی اقدامات کی مد میں 10 کروڑ ڈالر( 10 ارب روپے سے زائد) خرچ ہوں گے۔امریکی سکیورٹی اداروں کے اندازوں کے مطابق ملک کے 45 ویں صدر کے وہائٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر ہونے والی عظیم الشان تقریب میں 8 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔

اگرچہ ٹرمپ کی تقریب میں شرکائ کی متوقع تعداد موجودہ صدر براک اوباما کی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد سے نصف سے بھی کم ہے لیکن اس کے باوجود اس تقریب کی سکیورٹی کے اخراجات سابقہ تقاریب کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ ملک کے 12 سے زائد سکیورٹی ادارے تقریب کے مقام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، اور اس وقت تک سکیورٹی انتظامات پر رقم 10 کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ ہو چکی ہے جبکہ توقع ہے کہ یہ رقم آخری روز تک اس سے بھی کہیں زیادہ ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی سکیورٹی کے حوالے سے اتنے بڑے پیمانے پر اخراجات کی ایک وجہ یہ ہے کہ نو منتخب صدر کے وائٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر امریکا میں 26 احتجاجی مظاہرے بھی منعقد ہو رہے ہوں گے جن میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً 40 ہزار سے زائد لوگ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کی مخالفت میں سڑکوں پر ہوں گے۔امریکی اخبار نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریب کے موقع پر واشنگٹن میں 32 ہزار پولیس اہل کاروں کے ساتھ نیشنل گارڈز کے 8 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، اس کے علاوہ 5 ہزار سکیورٹی اہل کار پوری تقریب کے دوران واشنگٹن کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کے لئے سب سے اہم مسئلہ تقریب کے دوران دہشت گرد کارروائی کی روک تھام اور ٹرمپ کے خلاف احتجاج کو پر تشدد کارروائیوں اور جھڑپوں میں تبدیل ہونے سے روکنا ہو گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما کے منصب صدارت سنبھالنے کی تقریب میں 18 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی جو امریکا کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔۔

متعلقہ عنوان :