دوسرا ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 221رنز کا ہدف دیدیا

اتوار 15 جنوری 2017 11:58

دوسرا ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 221رنز کا ہدف دیدیا

میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15جنوری۔2016ء )دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 221رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے مقابلے میں کینگروز کے لیے ڈیوڈ وانر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا ، 31کے مجموعی سکور پر وارنر 17رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ عثمان خواجہ جنید خان کی بال پرآؤٹ ہوگئے ، مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے،ٹریوس ہیڈ اور سٹیو سمتھ نے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور 86 تک پہنچایا لیکن حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ہیڈ کی اننگز کا خاتمہ کردیا،گلین میکس ویل گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے سمتھ کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 42 رنز جوڑے لیکن عماد وسیم نے 23 کے انفرادی سکور پر ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

(جاری ہے)

5 وکٹیں گرنے کے بعد پہلے میچ کے مرد میدان میتھیو ویڈ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے اپنی کارکردگی کو دہراتے ہوئے کپتان سمتھ کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 65 رنز عمدہ شراکت قائم کی لیکن عماد کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں سمتھ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ،سمتھ نے 60 رنز بنائے ،اگلے ہی اوور میں شعیب ملک کی گیند پر میتھیو ویڈ بھی اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ،سٹارک 3رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ کمنز بغیر رن سکور کیے عامر کا دوسرا شکار بنے،فالکنر کینگروز کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو 19رنز بنا کر عامر کا تیسرا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے عامر نے 3،جنید خان اور عماد وسیم نے 2،2جبکہ حسن علی اور شعیب ملک نے 1،1وکٹ لی ۔ پہلے ون ڈے میں ناکامی سے دوچار ہونے والی قومی ٹیم میں ان فٹ کپتان اظہر علی کی جگہ اسد شفیق ٹیم کا حصہ ہیں ، وہاب ریاض کی جگہ جنید خان جبکہ محمد نواز کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پہلے ون ڈے میں آرام کرنیوالے جوش ہیزلووڈ سٹین لیک کی جگہ ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ انجری کا شکار ہونیوالے کرس لین کی جگہ عثمان خواجہ کو شامل کیا گیا ہے ۔

خیال رہے کہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو برتری حاصل ہے ، پہلی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دی تھی۔آسٹریلیا اور پاکستان کا درمیان تیسرا ون ڈے میچ 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔