وکلاء کو دھمکانے والی انتظامیہ ایم ڈی اے کی کرپشن کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ‘ڈسٹرکٹ بار میرپور آزادکشمیر کی سب سے بڑی بار ہے جس نے ہمیشہ عوامی حقوق کے دفاع اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار اداکیا ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم ضلع میرپور کے صدر شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ کی صحافیوں سے بات چیت

اتوار 15 جنوری 2017 15:01

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم ضلع میرپور کے صدر شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلاء کو دھمکانے والی انتظامیہ ایم ڈی اے کی کرپشن کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ڈسٹرکٹ بار میرپور آزادکشمیر کی سب سے بڑی بار ہے جس نے ہمیشہ عوامی حقوق کے دفاع اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار اداکیا اگر انتظامیہ نے فی الفور وکلاء کیخلاف مقدمہ واپس نہ لیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہو گی ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء کو دھمکانے کی کوشش کرنے والی ضلعی انتظامیہ کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے ماضی میں بھی وکلاء کیخلاف مقدمات درج کیے گئے لیکن حالات کا انتہائی جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے میرپور کی وکلاء برادری عوامی حقوق کیلئے کھڑی رہی جب تک ایم ڈی اے کوکرپٹ مافیا اور کرپشن کے ناسوروں سے پاک نہیں کر دیتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور صدر بار ذوالفقار احمد راجہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں اپنا ہر ممکن کردارادا کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے حملہ کیس میں وکلاء کو بلاوجہ پھنسایاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے وکلاء نے عوامی حقوق کیلئے جو کردارادا کیا وہ لائق تحسین اور باعث فخر ہے ذوالفقار احمد راجہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں وکلاء اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ایم ڈی اے کے اندر کرپٹ مافیا اس قدر مضبوط ہو چکا ہے کہ وہ قبضہ مافیا کی سرپرستی کر کے عوامی حقوق کو مجروح کر رہا ہے جب تک اس کرپٹ مافیا کا مکمل طور پر قلع قمع نہیںہو جاتا میرپور کے عوام صدر بار ذوالفقار احمد راجہ کی قیادت میں اکھٹے ہو کر اپنے حقوق کی جنگ لڑیں ۔

انہوںنے کہا کہ ڈبل فائلیں اور الاٹ منٹ میں ملوث صرف اور صرف ایم ڈی اے کے ملازمین و اہلکاران ہیں جو مفاد عامہ کی جگہوں تک کو الاٹ کر چکے ہیں اور تارکین وطن کی تعمیر شدہ عمارتوں کو مسمار کر کے اپنی بدعنوانیوں کو چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کے جائز پلاٹوں پر قبضہ مافیا انتہائی متحرک ہو چکا ہے اور ان کی سرپرستی ایم ڈی اے کے ملازمین کر رہے ہیں تارکین وطن ایسے حالات میں پاکستان آنا پسند نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے تارکین وطن کے حقوق مجروح ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ملکی معیشت میں ایک اہم کردارادا کر رہے ہیں لیکن ایم ڈی اے کی طرف سے ان کی جائیدادوں پر قبضہ انتہائی افسوسناک ہے ایم ڈی اے کے کرپٹ اور بدعنوان عناصرکیخلاف حکومت وزیراعظم ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیر اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر فی الفور نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں ہونے والی کرپشن اور اس میں مبینہ طورپر ملوث اہلکاران کیخلاف وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نوٹس لیتے ہوئے فی الفور کرپٹ ملازمین کو فارغ کریں۔

متعلقہ عنوان :