وزیراعظم نوازشریف آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں‘ آزاد کشمیرمیں ترقی وخوشحالی کا ایجنڈا ہرحال میں پایاتکمیل تک پہنچے گا‘ پاکستان میںمسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پرآمدہ الیکشن جیتے گی

سابق رکن قانون ساز اسمبلی راجہ مقصود احمد خان کی بات چیت

اتوار 15 جنوری 2017 15:01

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) سابق رکن قانون ساز اسمبلی راجہ مقصود احمد خان نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستا ن میاں محمدنوازشریف آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ آزاد کشمیرمیں ترقی وخوشحالی کا ایجنڈا ہرحال میں پایاتکمیل تک پہنچے گا۔ پاکستان میںمسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پرآمدہ الیکشن جیتے گی۔

ملک دشمن قوتوں کو ملک میں امن وترقی ہضم نہیں ہورہی۔ تاریخی پیکج کا اعلان وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کا کشمیریوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مسلم لیگ ن کی حکومت راجہ محمدفاروق حیدر خان کی سربراہی میں خطہ کے کونے کونے میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسراٹھاباقی نہیںرکھے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ محمدفاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کے 29 حلقوں کے لیے بلاتخصیص فنڈز کی منظوری کرواکررواداری کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔

(جاری ہے)

سابقہ دورمیں ون مین شوصرف اپنے حلقہ تک محدود ہوکرپورے آزاد کشمیر کے باقی حلقوں کے فنڈز غصب کرتارہا۔ وزیراعظم راجہ محمدفاروق خان نے اقتدارسنبھالتے ہی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق کومحفوظ بنانے کے لیے محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے این ٹی ایس کاقیام عمل میں لاکر اداروں کو اصلاحات کے عمل سے گزار کرشفافیت کو یقینی بنادیا ہے۔

غیرسنجیدہ سیاست کرنے والے حالیہ الیکشن میں اپناحشر یاد رکھیں۔الیکشن مہم میں کیے گئے وعدے پورے کرکے حلقہ سماہنی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ترقیاتی پیکج بھی لیں گے۔ بھمبرکاسی پیک میںشامل ہونا بھمبرکے لوگوں کی تقدیربدل کررکھ دے گا۔ کنٹرول لائن پر بسنے والے لوگوں کو سستے داموں آٹے کی فراہمی اورمیرٹ کی بحالی سے آزاد حکومت کی نیک نامی آسمان کو چھورہی ہے۔

آزاد کشمیر کا بچہ بچہ پار کے بھائیوں کے ساتھ ہے۔ عالمی برادری بھارت کوخطرناک ہتھیاروں کے استعمال سے روکے۔ مقبوضہ کشمیرکے عوام قربانیاں دے کراپنے خون سے تاریخ رقم کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے مسلم لیگی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راجہ مقصود احمد خان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق حکومت آزاد کشمیرکے کونے کونے میں بلاتفریق برادری و علاقہ ترقی کے ثمرات پہنچارہی ہے۔

لائن آف کنٹرول پرسستے آٹے کی فراہمی احسن اقدام ہیں۔ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے ن لیگی حکومت کو بجٹ خسارہ تحفے میں دیاتھا حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پرگامزن ہے بچت کرکے اربوں روپے بچائے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کاآزادکشمیرکاترقیاتی بجٹ 12 ارب روپے سے 21 ارب روپے کرنا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کے ساتھ اور کشمیری عوام کے ساتھ گہری وابستگی کامنہ بولتاثبوت ہے۔

ملک میںبجلی کے بڑے بڑے منصوبہ جات شروع ہیں 2018 تک لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔انھوں نے کہاکہ جس طرح عوام نے پاکستان میں مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیااسی طرح آزادکشمیرمیں بھی مسلم لیگ ن کو عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا جو کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ انھوںنے کہاکہ کچھ ناعاقبت اندیش سیاستدان ناچ گانے سے ترقی کا پہیہ روکناچاہتے ہیں یہ ان کا خواب ہے جس کی تعبیرممکن نہیں ہے۔

انھوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریو ں پر بربریت کی انتہاکردی ہے خطرناک ہتھیاروں کااستعمال کرکے بھارت کشمیریوں کو خوف زدہ نہیں کرسکتا۔ بھارت کی پاکستان کو ریگستان میں بدلنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔ بھارتی عزائم کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے خاک میںملتے جارہے ہیں۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے۔