محکمہ جنگلات کا آئندہ موسم بہار کی شجرکار ی مہم کے موقع پر بھرپور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

پیر 16 جنوری 2017 16:06

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) محکمہ جنگلات نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں آئندہ موسم بہار کی شجرکار ی مہم کے موقع پر بھرپور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیاہے جس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو نئے پودے لگانے پر قائل کرنے سمیت محکمہ تعلیم ، صحت ،دیگر سرکاری محکموں اور پرائیویٹ سیکٹرز کی خصوصی دلچسپی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔

ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کی جانب سے گزشتہ سال کے اختتام تک کیلئے مقرر کردہ شجرکاری کے اہداف کی تکمیل نہ ہو سکی ہے جس میں پرائیویٹ سیکٹر اور بعض سرکاری اداروں کی جانب سے بھی سستی برتنے کا عمل شامل ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ محکمہ جنگلات کی جانب سے اپنی نرسریوں اور جنگلات میں پودے لگانے کاہدف مکمل کیاگیاہے لیکن آئندہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران بھرپور کوشش کی جائے گی کہ نہ صرف مقررہ اہداف پورے کئے جائیں بلکہ اضافی پودے لگا کر ان کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال کے اختتام تک فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 7لاکھ 8ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں جن کی حفاظت کیلئے بھی ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ ان پودوں کو تناور درخت بناناممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ محکمانہ حکام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمانہ اہداف کی تکمیل میں کسی کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں بصورت دیگر ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ درخت چوری کرنے والے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے بھی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ۔انہوںنے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کم از کم ایک درخت لگائیں تاکہ جہاں ماحولیاتی وفضائی آلودگی کاخاتمہ ہو وہیں صحتمند ماحول کو پروان چڑھانے میں بھی مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :