آزادکشمیر میں تشخص کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے اس کا تشخص ایک ملازم کے ہاتھوں گروی رکھوا دیا ہے ، اس سے آزادکشمیر کا تشخص بری طرح مجروح ہوچکا ہے

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین کی وفود سے بات چیت

منگل 17 جنوری 2017 20:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں تشخص کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے اس کا تشخص ایک ملازم کے ہاتھوں گروی رکھوا دیا ہے ،جس سے آزادکشمیر کا تشخص بری طرح مجروع ہوچکا ہے، وہ منگل کو یہاں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں آزادکشمیر حکومت کے بڑے فیصلے آصف علی زرداری کرتے تھے ، تو مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے لیڈران یہ کہتے نہیں تھکتے تھے کہ پیپلزپارٹی نے آزادکشمیر کاتشخص تباہ کردیا ہے ، لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزادکشمیر کا تشخص میاں نوازشریف کے ایک ملازم کے ہاتھ میں دے دیا اور تمام فیصلے جو پہلے لیڈر کرتے تھے وہ اب ایک ملازم کررہا ہے ، راجہ فاروق حیدر خان آزادکشمیر کا تشخص اتنا ہی پامال نہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے پانچ سالوں میں اکثر فیصلے خود کئے اور شریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری کی مشاورت سے بعض معاملات کو آگے بڑھایا لیکن مسلم لیگ ن آزادکشمیر جو اپنے آپ کو کشمیر تشخص کا بڑا چمپئن سمجھتی تھی ۔ اس نے تشخص کو اتنا مجروع کردیا کہ آج میاں محمد نوازشریف کاایک ملازم آزادکشمیر کے تمام چھوٹے بڑے فیصلے کررہا ہے ۔

اور اگر یہی صورت حال رہی تو آزادکشمیر کے عوام مجبوراً آزادکشمیر کے وزیراعظم اور وزراء کی بجائے میاں نوازشریف کے ملازم کے پاس اپنے کاموں کیلئے جایا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اکتوبر2016ء میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیاگیاتھا ۔ لیکن اب لگتا یہ ہے کہ 2017ء میں بھی بلدیاتی الیکشن نہیں ہوسکیں گے ۔ ہمیں طعنے دینے والے اب خود کس مقام پر کھڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پانچ ماہ کی کارکردگی ماسوائے اداروں کو ختم کرنے اور ملازموں کو نکالنے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔ مالیاتی بحران کا رونا رویا جارہاہے ، ہمارے دور میں بھی مالیاتی بحران تھا لیکن اس کے باوجود ہم نے اداروں کو چلایا اورپانچ سال میں صرف 15دن چیک رکے رہے جب کہ موجودہ حکومت کے دور میں ان پانچ ماہ میں کوئی ایک ماہ بھی عوام کو سکون نہیںملا۔

ہم نے نامساعد مالی صورتحال کے باوجود عوامی منصوبوں پر کام مکمل کروایا اور عوام کو ریلیف دیا آزادکشمیر کی اپوزیشن نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف گرینڈ الائنس تشکیل دیا ہے ، اب آزادکشمیر بھر میں حکومت کی ناقص پالیسیوں کے خلاف احتجاجی جلسے وجلوس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے ، پاکستان کی حکومت کوچاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی اس ناذک صورتحال پر کل جماعتی کانفرنس بلائے جس میں آزادکشمیر کے سیاستدانوں کو بھی شامل کیاجائے، تاکہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھارتی حکومت کو مظالم ڈھا رہی ہے اور جس طرح کشمیریوں کو آئے روز شہید کیاجارہاہے اس کو روکا جاسکے ، انہوں نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کانوٹس لیں اس سلسلہ میں متحدہ اپوزیشن جلد ہی ایک قومی کانفرنس بلا رہی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو اقوام عالم کے سامنے پیش کرنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :