فیصل ۱ٓباد میں بہبود ۱ٓبادی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے 87فلاحی مراکز کام کررہے ہیں،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر

بدھ 18 جنوری 2017 14:04

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء)فیصل ۱ٓباد میں بہبود ۱ٓبادی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے 87فلاحی مراکز کام کررہے ہیںجبکہ 24سنٹرز فیصل آباد سٹی اور53تحصیل کی سطح پر بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کیلئے سرگرم ہیں نیز فیملی ہیلتھ کلینکس،سوشل موبلائزرز بھی خواتین کی رہنمائی کیلئے کام کررہے ہیں۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ڈاکٹرفرخندہ الماس نے کہا ہے کہ بہبود آبادی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے جامع پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلے میں آبادی میں اضافہ کی شرح میں کمی کے ساتھ کنبے میں ماں اوربچے کی صحت کو برقرار رکھنے کے بارے میں احساس پیدا کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں ۔

انہوں نے میڈیا نمائندگان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام کو کامیاب بنانے میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو معاشرے کی صحیح رہنمائی اوربڑھتی ہوئی آبادی سے قومی مشکلات کے بارے میں بہتر ادراک پیدا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شادی شدہ جوڑوں کو چھوٹے خاندان کی اہمیت سے آگاہ کیا جارہاہے اورکونسلنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافے سے ترقی کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے لہٰذا آبادی اور وسائل میں توازن بے حد ضروری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دوردراز کے علاقوں میں لوگوں کو کم بچے خوشحال گھرانہ کاپیغام پہنچانے کیلئے فیملی ہیلتھ موبائل سروس یونٹ بھی عنقریب فنکشنل ہوجائے گا جبکہ ضلع بھر میں 87فلاحی مراکز کام کررہے ہیں جن میں 24سنٹرز فیصل آباد سٹی اور53تحصیل کی سطح پر بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کیلئے سرگرم عمل ہیں جبکہ فیملی ہیلتھ کلینکس،سوشل موبلائزرز بھی خواتین کی رہنمائی کے کام کررہے ہیں۔

ڈی اونے بتایا کہ بہبود آبادی کے سنٹرز پر بچیوں کی تعلیم اور صحت کے بارے میں آگاہی پروگرامز بھی منعقد کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بہبودآبادی پروگرام سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے علماء کرام،فیملی فزیشنز،بیوٹیشن،ٹیچرز اوردیگر طبقات کے علاوہ نکاح خوانوں کے لئے سیمینارز منعقد کرنے کے علاوہ میڈیکل کیمپس کاقیام،بے بی شوز اور واکس وغیرہ کا بھی تسلسل سے اہتمام کیا جارہا ہے ۔