پانامہ چائے کی پیالی میں طوفان ہے ، جس کا فیصلہ کسی سیاسی شخص نے نہیں عدلیہ نے کرناہے‘ ڈاکٹر آصف کرمانی

عمران خان نے ساڑھے تین سال تک خیبرپختوانخواہ کی عوام کے ساتھ غداری کی ہے ، اب بھی وقت ہے کے پی کے کا رخ کریں اورکفارہ اداکریں،برطانوی سفیر کی سی پیک میں شمولیت کی خواہش ملک دشمن عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے‘ بلاول بھٹو کو سنجیدہ سیاست کیلئے بہت محنت کی ضرورت ہے‘وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امورکاتقریب میں خطاب

بدھ 18 جنوری 2017 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ پانامہ چائے کی پیالی میں طوفان ہے‘ پانامہ کیس عدالت میں زیرسماعت ہے جس کا فیصلہ کسی سیاسی شخص نے نہیں بلکہ عدلیہ نے کرناہے‘ عمران خان نے ساڑھے تین سال تک خیبرپختوانخواہ کی عوام کے ساتھ غداری کی ہے‘ ان کے پاس اب بھی ٹائم ہے وہ کے پی کے کا رخ کریں اورکفارہ اداکریں‘ آئندہ انتخابات میں عوام ان کی جامہ تلاشی لیں گے‘ سراج الحق بادشاہ آدمی ہیں انہیں یہ نہیں معلوم کہ وہ کن کے ساتھ کھڑے ہیں‘ برطانوی سفیر کی سی پیک میں شمولیت کی خواہش ملک دشمن عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے‘ پاکستان پیپلز پارٹی ایک پرانی سیاسی جماعت ہے تاہم بلاول بھٹو زرداری کو سنجیدہ سیاست کیلئے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے‘ مریم نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی کارکن کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس کے سالانہ انڈر گریجوایٹ ڈگری شو پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پرنسپل این سی اے پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری‘ شعیب بن عزیز‘ واصف ناگی اور فیکلٹی کے دیگر ممبران اور اساتذہ و طلبہ کی کثیرتعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس بہت قدیم اور عظیم درسگاہ ہے جس پر ہر پاکستانی فخر محسوس کرتا ہے جس کے طلبہ مختلف شعبہ جات میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں‘ موجودہ حکومت اور وزیر اعظم محمد نواز شریف آرٹ اور آرٹسٹ کو بہت عزیز رکھتے ہیںاور موجودہ حکومت اس فن میں اپنا نام کمانے والے افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پانامہ کیس میں نواز شریف کا نام تھا نہ ہے‘ کچھ لوگ جن کا مشغلہ ہی جھوٹ ہے‘ روزانہ نت نئے جھوٹ بول رہے ہیں‘ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل عدالت میں روزانہ پیش ہو کر ثبوتوں کے ساتھ جواب دے رہے ہیںپانامہ کا کیس عدالت میں ہے اور ہمیں تمام معاملات عدالتوں پر چھوڑ دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی بات کرنا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے‘ آدمی روزانہ اتنے کپڑے تبدیل نہیں کرتا جتنی دفعہ عمران خان یوٹرن لیتا ہے‘ گزشتہ ساڑھے تین سال سے کے پی کے کے ووٹروں سے غداری کی ہے‘ اب بھی عمران خان کے پاس وقت ہے کہ وہ خیبرپختوانخواہ کا رخ کریں اور کفارہ ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ پانامہ کے اوپر طوفان بدتمیزی کھڑا کرنیوالوں کو اصل شکایت یہ ہے کہ عوام بار باروزیراعظم محمد نواز شریف کو کیوں منتخب کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف ترقی ‘ انسان دوست اور فلاح و بہبود کی علامت ہیں‘ جب بھی موٹر ویز‘ ایکسپریس ویز اور سی پیک کا نام آئے گا وہاں نواز شریف کا نام بھی آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ برطانوی سفیر کی سی پیک میں شمولیت کی خواہش ان لوگوں کیلئے سبق ہے جو ملک دشمنی میں انتہائی آگے جاچکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک کیخلاف کی جانیوالی سازش سب کے سامنے ہے‘ سازشی ٹولے کو دھرنوں میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا‘ حتیٰ کہ امپائر بھی ان کیساتھ ہاتھ کر گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سراج الحق بادشاہ آدمی ہیں انہیں یہ نہیں معلوم کہ وہ خود کن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں آصف کرمانی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی پرانی سیاسی جماعت ہے جن کی بہت قربانیاں بھی ہیں تاہم بلاول بھٹو کو سنجیدہ سیاست کیلئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی کارکن ہیں اور وہ پارٹی کیلئے کام کرتی رہیں گی۔