سی آئی اے نے 12 ملین خفیہ دستاویز آن لائن جاری کر دیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 18 جنوری 2017 23:48

سی آئی اے نے 12 ملین خفیہ دستاویز  آن لائن جاری کر دیں

سی آئی اے نے 12 ملین خفیہ دستاویزآن لائن جاری کر دیں ہیں( جنہیں یہاں کلک کر کے دیکھا جا سکتاہے)۔ ان دستاویزات میں نازی جنگی جرائم سے متعلق معلومات، کیوبا کا میزائل بحران، یو ایف اوز دیکھنے کے واقعات، انسانی ٹیلی پیتھی (پراجیکٹ سٹارگیٹ) اوردیگر بہت سی معلومات شامل ہیں۔


ان دستاویزات کو عام ہونے میں بہت طویل عرصہ لگا ہے۔ بل کلنٹن نے 1995 میں 25سال پرانے تاریخی دستاویزات عام کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔سی آئی اے نے ان کاغذات کو مرتب کرنا تو شروع کر دیا تھا مگرانہیں عام لوگوں کے لیے جاری نہیں کیا تھا۔ اس سے پہلے لوگوں کو ان دستاویزات تک رسائی کے لیے یو ایس نیشنل آرکائیو، واشنگٹن سے دستاویزات حاصل کرنا پڑتی تھی۔

(جاری ہے)


سی آئی اے نے اپنے CREST یا CIA Records Search Tool ڈیٹا بیس کو 2000 میں آن لائن جاری کیا تھا مگر تب عام لوگ صرف ان کاغذات کے عنوانات تلاش کر سکتے تھے جبکہ مکمل دستایزات دیکھنے کے لیے نیشنل آرکائیو جانا پڑتاتھا۔2014 میں غیر تجارتی صحافتی تنظیم MuckRock نے فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت سی آئی اے پر مقدمہ کر دیا۔ تنظیم کا مطالبہ تھا کہ سی آئی اے تمام کاغذات آن لائن جاری کرےلیکن ایجنسی کا کہنا تھا کہ انہیں تمام کاغذات سکین کرنے میں 6 سال لگیں گے۔

اس پر صحافی مائیکل بیسٹ نے کک سٹارٹر پر چندے کے لیے ایک مہم شروع کی تاکہ خود ہی تمام کاغذات کی کاپیاں کرا کر انہیں خود آن لائن جاری کیا جائے تاہم سی آئی اے نے جلد ہی تمام کاغذات جاری کرنے کا وعدہ کیا اور اس پر اب عمل بھی کر دیا۔
سی آئی اے نے جو دستاویزات جاری کی ہیں وہ 1940 کی دہائی سے لیکر 1990 کی دہائی سے متعلق ہیں۔اس کے بعد ہر آنے والے سال میں 25 برس پرانے ایک سال کے کاغذات اس ڈخیرے میں شامل ہوتے رہیں گے۔